جسونت سنگھ کی کتاب پر بھارتی ریاست گجرات میں پابندی
20 اگست 2009بھارتی ریاست گجرات میں تو جسونت سنگھ کی کتاب " Jinnah- India Partition, Indipendence" کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کتاب میں موجود مواد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ تقسیم ہند میں بانیء پاکستان محمد علی جناح نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔ بی جے پی نے جسونت سنگھ کی اس کتاب سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی لیڈر یا رکن کو پارٹی کے بنیادی نظریات کے خلاف لکھنے، بات کہنے یا کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
سابق وزیر خارجہ اور خزانہ جسونت سنگھ نے اپنی کتاب میں جناح کو نہ صرف ایک عظیم شخصیت قرار دیا ہے بلکہ تقسیم ہند کے لئے جواہر لال نہرو اورسردار ولَبھ بھئی پٹیل کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی ’’چنتک بیٹھک‘‘ کے دوسرے روز عوام میں پارٹی کی مقبولیت میں کمی کے اسباب کا جائزہ لے رہی ہے۔ اگرچہ ارن جیٹلی کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق عام انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو وزیر اعظم کے لئے نامزد کرنے کے نعروں کے علاوہ بھی بہت ایسے نعرے تھے جو لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس علاوہ پارٹی میں نوجوان قیادت کا فقدان اور وزیر اعظم من موہن سنگھ کی ذات پر حملے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے سود مند ثابت نہیں ہوئے۔
رپورٹ : میرا جمال
ادارت : گوہر نذیر