جعلی شادیوں کے خلاف جرمن اور ڈینش پولیس کی کارروائیاں
14 جون 2018خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے جرمن پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جعلی شادیاں کروانے والا گروہ اُن ایشیائی مہاجرین کی یورپی شہریوں سے کاغذی شادیاں کروانے میں ملوث ہے جو یورپی ممالک میں مستقل رہائش کے خواہش مند ہیں۔
اس گروہ کے ارکان تک رسائی کے لیے پولیس نے لائپزگ، ایلین برگ اور ہیٹ شٹیڈ سمیت مشرقی جرمنی کے کئی شہروں میں چھاپے مارے ہیں۔ اس کے علاوہ شمالی اور مغربی جرمنی کے معتدد علاقوں میں بھی ثبوت اکھٹا کرنے کے لیے چھاپے مارے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
جرمنی ميں مہاجرین کی جعلی شادیاں کرانے والا گروہ گرفتار
پولیس کے مطابق مشرقی جرمنی میں اس گروہ کے تین مشتبہ افراد، پاکستانی اور بھارتی مہاجرین کی یورپی خصوصاﹰ مشرقی یورپ سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ شادیوں کے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے میں ملوث ہیں۔ یہ گروہ شادی کے بعد یورپی ممالک میں مستقل رہائش کے ایک اجازت نامے کے کامیاب اجراء پر 22 ہزار یورو یا 25,900 ڈالر وصول کرتے ہیں۔
ان چھاپوں سے شمالی جرمنی میں موجود اب تک مبینہ طور پر پانچ ایسے جرمن شہریوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں پولیس کامیاب ہوئی ہے جنہوں نے یورپی باشندوں کو جعلی شادیوں کے لیے بھرتی کر رکھا ہے۔ بھرتی شدہ ان افراد کو رہائش کے اجازت نامے کے کامیاب اجرا کے بعد فی اجازت نامہ ایک ہزار یورو کمیشن بھی دیا جاتا ہے۔
ع ف /ع ب (ڈی پی اے)