1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جموں و کشمیر سے سیاہ قانون ’افسپا‘ کا خاتمہ زیر غور،امیت شاہ

جاوید اختر، نئی دہلی
27 مارچ 2024

’افسپا‘ مسلح افواج کے اہلکاروں کو شورش زدہ علاقوں میں بلاروک ٹوک کارروائی کے لیے غیر معمولی اور وسیع اختیارات دیتا ہے۔ بیشتر شورش زدہ علاقوں سے اسے ختم کیا جا چکا ہے لیکن جموں و کشمیر میں یہ متنازع قانون اب بھی نافذ ہے۔

جموں و کشمیر   مسلح افواج
امیت شاہ نے کہا حکومت جموں و کشمیر سے مسلح افواج کو واپس بلانے پر بھی غور کر رہی ہےتصویر: Imago/Zuma Press

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک میڈیا ادارے جے کے میڈیا گرو پ کو دیے گئے انٹرویومیں کہا ہے کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں متنازع قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (افسپا)کو ختم کرنے پر غور کرے گی۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور بھارتی سول سوسائٹی نیز متعدد سیاسی جماعتیں اس 'سیاہ قانون‘ کے بے جا اور غلط استعمال کی مسلسل شکایتیں کرتی رہی ہیں۔ برطانوی نوآبادیاتی دور کا یہ متنازع قانون اب بھی برقرار ہے اور اس کے تحت جموں و کشمیر میں ہزاروں سیاسی کارکنان نیز نوجوان اورعام شہری بھی جیلوں میں بند ہیں۔

سکیورٹی فورسز کو من مانی کی اجازت نہیں، بھارتی سپریم کورٹ

پاکستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کیا کہا؟

وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا، ''ہم افسپا کو ختم کرنے پر غور کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں قانون و انتظام کی ذمہ داری جموں وکشمیر پولیس کو سونپنے اور وہاں سے مسلح افواج کو واپس بلانے پر بھی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ''پہلے جموں و کشمیر پولیس پربھروسہ نہیں کیا جاتا تھا۔ لیکن آج وہ وہاں کارروائیوں کی قیادت کر رہی ہے۔‘‘

خیال رہے کہ بھارت کی شور ش زدہ شمال مشرقی ریاستوں میں بیشتر علاقوں سے افسپا کو بہت پہلے ہی ہٹایا جا چکا ہے لیکن جموں و کشمیر میں یہ اب بھی نافذ ہے۔

’دیر آید، درست آید،‘ محبوبہ مفتی

بھارتی سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں نے جموں وکشمیر سے افسپا کو ختم کرنے کے متعلق امیت شاہ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

جموں و کشمیر میں سابق حکمراں جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے 'دیر آید، درست آید‘ قرار دیا۔

محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی پی افسپا کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کو بتدریج ہٹانے کا مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے اور جب انہوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا تو اس جماعت نے بھی اس متنازعہ قانون کو ہٹانے پر اتفاق کیا تھا۔

بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک، لینٹوس ہیومن رائٹس کمیشن

’کشمیر جمہوریت کا امتحان، بھارت اس میں ناکام‘

انہوں نے کہا، ''بہرحال دیر آید، درست آید۔ لیکن یہ بی جے پی کی صرف جملے بازی بن کر نہ رہ جائے، جیسا کہ ہر سال دو کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے اور ہر شہری کے بینک کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرانے کا اس کا وعدہ صرف جملے بازی بن کر ہی رہ گیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ''ہم صرف یہ امید کر سکتے ہیں کہ وہ (وزیر داخلہ) کم از کم اس معاملے میں اپنا وعدہ پورا کریں گے کیونکہ اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی اور ہوسکتا ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ ان صحافیوں اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو بھی رہا کرنا شروع کر دے، جو کسی الزام یا مقدمے کے بغیر جیلوں میں بند ہیں۔‘‘

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ''پاکستان کی سازشوں‘‘ سے دور رہیںتصویر: Ravi Batra/ZUMA Press Wire/picture alliance

’پاکستان کی سازشوں‘ سے دور رہنے کا مشورہ

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ''پاکستان کی سازشوں‘‘ سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسلام کی بات کرتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جموں و کشمیر میں ہلاک ہونے والوں میں سے ''85 فیصد ہمارے مسلمان بہن بھائی تھے۔‘‘

'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر خود بھارت میں ضم ہو جائے گا‘

انہوں نے کہا، ''آج پاکستان بھوک اور غربت کی لعنت میں گھرا ہوا ہے اور حتیٰ کہ وہاں کے لوگ بھی کشمیر کو جنت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی کشمیر کو بچا سکتا ہے تو وہ وزیر اعظم مودی ہیں۔‘‘

بھارتی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر کہا کہ ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور بھارتی پارلیمان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھی بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے۔

بی جے پی کے سینیئر رہنما امیت شاہ کا کہنا تھا، ''پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں رہنے والے مسلم بھائی بھی بھارتی ہیں اور ہندو بھی۔ اور جس زمین پر پاکستان نے غیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا ہے، وہ بھی بھارت کی ہے۔ اسے واپس حاصل کرنا ہر بھارتی اور ہر کشمیری کا ہدف ہے۔‘‘

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں