1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنرل راحیل شریف امریکا میں

عدنان اسحاق18 نومبر 2014

پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اس ہفتے کے دوران امریکی فوج کے اعلی افسران کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ جنرل شریف گزشتہ برس نومبر میں آرمی چیف بننے کے بعد پہلی مرتبہ امریکا میں ہیں۔

Raheel Sharif
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اتوار کے روز امریکا پہنچے تھے۔ اس دوران پیر کو انہوں نے ٹیمپا میں امریکی مرکزی کمانڈ کے ساتھ بات چیت کی۔ امریکی حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جنرل راحیل شریف اپنے قیام کے دوران اپنے امریکی ہم منصب جنرل رے اوڈیئرنو کے علاوہ چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی اور شعبہ دفاع کے نائب سکریٹری رابرٹ ورک سے بھی ملیں گے۔ 2010 ء کے بعد کسی پاکستانی آرمی چیف کا امریکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔

جنرل شریف کے پیش رو جنرل پرویز کیانی کو امریکی حکام کی جانب سے اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس دور میں امریکی حکام متعدد بار اسلام آباد حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف مناسب اقدامات نہ اٹھانے کی ذمہ دار ٹھہراتی تھی، خاص طور پر حقانی گروپ کے خلاف۔ اس کے علاوہ واشنگٹن حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج پر حملوں کے منصوبہ بندی کے لیے پاکستانی سرزمین استعمال کرتے ہیں۔ افغانستان میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ایک اعلی امریکی کمانڈر جنرل جوزف اینڈریسن نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اس ماہ کے دوران شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی کارروائیوں نے حقانی گروپ کی کمر توڑ دی ہے۔‘‘ کابل سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے انہوں نے مزید کہا کہ ’’ پاکستانی فوج کے اس آپریشن نے افغانستان میں طالبان کی سرگرمیوں کے سلسلے کو درہم برہم کر کے رکھا دیا ہے۔ اور اس وجہ سے افغان طالبان کی کابل میں حملے کرنے کی صلاحیت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔‘‘

دوسری جانب امریکی حکام افغانستان کے نئے صدر اشرف غنی سے بھی کافی پر امید ہیں کہ وہ اسلام آباد اور کابل کے مابین تعلقات کو مزید استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اشرف غنی نے ابھی گزشہ دنوں پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی تواتر سے پاکستان پر افغانستان کو غیر مستحکم کرنے اور طالبان کی پشت پناہی کرنے کا الزامات عائد کرتے رہتے تھے۔ پاکستان اُن تین ممالک میں سے ایک تھا، جس نے افغانستان میں1996ء سے2001ء تک برسراقتدار رہنے والی طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا تھا۔

جنرل شریف ایک ایسے وقت میں امریکا کا دورہ کر رہے ہیں جب اسلام آباد اور واشنگٹن حکومتوں کے مابین باہمی روابط میں بہتری آئی ہے۔ امریکا نے شمالی پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری حالیہ کارروائیوں کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں