1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجاپان

جنسی اور رومانوی زندگی میں جاپانی سب سے پیچھے، سروے

20 نومبر 2024

ایک فرانسیسی تحقیقی فرم کے عالمی سروے کے مطابق جاپانی باشندے اپنی جنسی اور رومانوی زندگی کے حوالے سے سب سے کم مطمئن ہیں اور ان کے بعد جنوبی کوریائی شہری آتے ہیں۔

ایک جاپانی شخص سیکس ڈول کے ساتھ
جاپانی باشندے اپنی جنسی اور رومانوی زندگی کے حوالے سے سب سے کم مطمئن ہیںتصویر: Getty Images/AFP/B. Mehri

پیرس میں 'آئی پی ایس او ایس‘ کے ہیڈکوارٹر کی طرف سے31 ممالک میں کرائے گئے ایک سروے کے نتائج جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق صرف 37 فیصد جاپانی اپنی جنسی اور رومانوی زندگی سے مطمئن ہیں۔

ان کے مقابلے میں بھارت اور میکسیکو کے 76 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ اپنی جنسی اور رومانوی زندگی سے مطمئن ہیں۔

جاپانی شہریوں کی طرح جنوبی کوریائی باشندے بھی مایوس نظر آتے ہیں اور وہاں کے صرف 45 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جنسی تسکین کر پاتے ہیں۔ اس طرح ''لو لائف‘‘ میں پیچھے رہ جانے والوں میں ان کا نمبر دوسرا ہے۔

مردانہ جنسی طاقت میں اضافے کے لیے تین غذائیں

جاپان اور جنوبی کوریا حریف ممالک ہیں لیکن دونوں ہی دائمی آبادیاتی بحران کا شکار بھی ہیں جبکہ وہاں حکام نے خطرناک حد تک کم ہوتی ہوئی شرح پیدائش کے خلاف خبردار بھی کیا ہے۔

جاپانی باشندے اپنی جنسی اور رومانوی زندگی کے حوالے سے سب سے کم مطمئن ہیںتصویر: picture alliance/ Franck Robichon

جاپانی وزارت صحت نے رواں برس جون میں ملک میں بچوں کی شرح پیدائش کو ''نازک صورتحال‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ گزشتہ سال 1.20 رہی، جو مسلسل آٹھویں سال بھی ریکارڈ حد تک کم ترین سطح تھی۔ لیکن جاپان میں شرح پیدائش اب بھی قریبی ملک جنوبی کوریا سے زیادہ ہے، جہاں یہ شرح دنیا میں سب سے کم یعنی صرف 0.72 ہے۔

مردانہ مانع حمل کے لیے نئی ایجادات اور ادویات کا ترقی کرتا ہوا کاروبار

اس سروے سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ جنوبی کوریائی لوگ اپنے ''پارٹنرز کے ساتھ جنسی تعلقات‘‘ کے حوالے سے سب سے زیادہ غیر مطمئن ہیں۔ اس تناظر میں جاپانی دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ 'آیا آپ سے محبت کی جاتی ہے،‘ صرف 51 فیصد جاپانیوں نے ہاں میں جواب دیا، جو کہ سروے میں شامل تمام ممالک میں سے سب سے کم شرح ہے۔ اسی سوال کے جواب میں جنوبی کوریا اور اٹلی کے 63 فیصد جواب دہندگان نے ہاں میں جواب دیا اور وہ جاپانی شہریوں سے قدرے مطمئن پائے گئے۔

جاپانی باشندے اپنی جنسی اور رومانوی زندگی کے حوالے سے سب سے کم مطمئن ہیںتصویر: Getty Images/B.Mehri

Ipsos کے مطابق 'لو لائف‘ میں عدم اطمینان جزوی طور پر ''جاپانی لوگوں کی شخصیت کا نتیجہ بھی ہے، جو رومانس کی بات کرتے وقت اپنے جذبات اور رویوں کو بیان کرنے میں اچھے نہیں ہیں۔‘‘

جاپانی حکام نے رواں برس ٹوکیو میں ایک ڈیٹنگ ایپ بھی لانچ کی تھی، جس کا مقصد ملک کی کم ہوتی ہوئی شرح پیدائش میں اضافے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔ اس ایپ کے صارفین کو بتانا پڑتا ہے کہ وہ قانونی طور پر سنگل ہیں جبکہ انہیں ایک خط پر دستخط  بھی کرنا پڑتے ہیں، جس پر لکھا ہوتا ہے کہ وہ شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ا ا / م م (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں