1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی ریسلنگ باڈی نے بھارت کی رکنیت معطل کر دی

25 اگست 2023

ریسلنگ کے عالمی ادارے نے بھارت کی رکنیت معطل کرنے کا علان کر دیا ہے۔ قبل ازیں خواتین کھلاڑیوں کی طرف سے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

ایشین گیمز میں بھارت کی شرکت
جنسی ہراسانی اسکینڈل: عالمی ریسلنگ باڈی نے بھارت کی رکنیت معطل کر دیتصویر: IANS

رواں برس کے آغاز پر بھارت کے نامور پہلوانوں نے دارالحکومت نئی دہلی میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن سنگھ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی ہفتوں تک احتجاجی دھرنا دیا تھا۔

چھیاسٹھ سالہ بھوشن سنگھ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قانون ساز بھی ہیں اور الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس معاملے میں حکومتی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ شدید احتجاج کے بعد رواں برس پندرہ جون کو پولیس نے سنگھ کے خلاف خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات درج کر لیے ہیں لیکن وہ ابھی تک ضمانت پر رہا ہیں۔

اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے نتیجے میں فیڈریشن کی قیادت کو  معطل کر دیا گیا تھا۔ اگست کے شروع میں تازہ انتخابات ہونے والے تھے لیکن آخری لمحات میں انہیں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

بھارت میں جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاجتصویر: DW

یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے جمعرات کو دیر گئے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے،  ''ایک منتخب صدر کی مسلسل غیرموجودگی کے ساتھ ساتھ انتخاب اور بورڈ ممبران کا نہ ہونا  'یو ڈبلیو ڈبلیو‘  کے ضوابط اور رکنیت کی شرائط کے خلاف ہیں لہذا بھارت کی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی پہلوانوں کو اگلے ماہ ایشین گیمز میں حصہ لینے کی اجازت ہو گی لیکن  ایسا بھارتی پرچم تلے ممکن نہیں ہو گا۔

دوسری جانب بھوشن سنگھ نے اپنے خلاف جنسی ہراسانی کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ''سازش‘‘ کا شکار ہیں۔  جب جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آئے تھے تو انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا، ''اگر ایک بھی الزام درست ثابت ہوا تو میں خود کو پھانسی لگا لوں گا۔‘‘

بھارت میں جنسی ہراسانی کے خلاف احتجاجتصویر: Altaf Qadri/AP Photo/picture alliance

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف یہ شکایات ان کی ساکھ کو داغدار بنانے اور بھارتی پارلیمان سے انہیں باہر کرنے کی سازش ہے۔ تاہم اپریل میں انکوائری رپورٹ تیار ہو جانے کے باوجود اسے عام نہیں کیا گیا۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں تین گولڈ میڈل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ نے وزیر اسپورٹس ٹھاکر پر اس معاملے کو ''دبانے کی کوشش‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بھارت کے شمالی اور دیہی علاقوں میں کشتی ایک مقبول کھیل ہے۔ مئی میں پارلیمان کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کے دوران پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے اسٹار کھلاڑیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔

کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ریسلر انیتا شیوراں نے سنگھ کی جگہ اس اعلیٰ عہدے کے لیے اپنی نامزدگی کے کاغذات جمع کروا رکھے ہیں۔ انیتا بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے مقدمے کی گواہ بھی ہیں۔

ا ا / ش خ (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں