1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

جنوبی افریقہ: قومی اسمبلی میں بھیانک آتش زدگی، بڑا حصہ تباہ

3 جنوری 2022

جنوبی افریقہ کے قومی پارلیمان کی عمارت میں اتوار کو آگ لگنے سے اس کا ایک بڑا حصہ جل کر تباہ ہوگیا۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم اس معاملے میں ایک شخص کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

Südafrika - Feuer im Parlament
تصویر: Jerome Delay/AP/picture alliance / ASSOCIATED PRESS

کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے قومی پارلیمان کی عمارت میں اتوارکو صبح تقریباً تین بجے آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے پارلیمان کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ آگ پر ابھی تک پوری طرح قابو پایا نہیں جاسکا ہے۔ پارلیمان کا ووہ حصہ پوری طرح تباہ ہوگیا جہاں اراکین پارلیمان کی نشستیں تھیں۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر سیرل رامفوسا نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔"

تصویر: Sumaya Hisham/REUTERS

اب تک کیا معلوم ہے؟

کیپ ٹاون کی سیفٹی اور سیکورٹی سے متعلق میئر کی کمیٹی کے رکن جیاں پیرے اسمتھ نے بتایا کہ آگ لگنے کا واقعہ اتوار کو جی ایم ٹی کے مطابق رات تین بجے کے قریب پارلیمان کے سب سے قدیم حصے میں پیش آیا جسے 1884 میں مکمل کیا گیا تھا اور اس حصے میں لکڑی کا استعمال کیا گیا ہے۔ جیسے ہی صبح ہوئی تو عمارت سے اٹھتا دھواں دور دور تک دیکھا گیا۔ عمارت کے پرانے حصے میں لگنے والی آگ بعد میں نئے اور زیر استعمال حصوں میں بھی پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا،"پرانی اسمبلی کی عمارت کی چھت گر چکی ہے۔"

 اس تاریخی عمارت میں نایاب کتابوں کا ذخیرہ اور نسلی امتیاز کے دور میں استعمال ہونے والے سابق قومی ترانے کی اصل نقل ”ڈائی اسٹیم سوئیڈ افریقا"(جنوبی افریقا کی آواز) ہے جسے پہلے ہی نقصان پہنچا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس پارلیمنٹ کمپلیکس میں کئی عمارتیں موجود ہیں۔ قومی اسمبلی یا ایوانِ زیریں اس حصے میں واقع ہے جسے نیو ونگ کہا جاتا ہے۔ اسی طرح ایوان بالا یا نیشنل کونسل آف پرووینسز (این سی او پی) اولڈ ونگ یا اولڈ اسمبلی میں ہے جسے کمیٹی کے اجلاس کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

تصویر: Mike Hutchings/REUTERS

آگ بجھانے والا عملہ اس وقت نیو ونگ میں آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ستر سے زائد آگ بجھانے والی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

پارلیمان کی اس عمارت کے قریب ہی وہ کیتھیڈرل واقع ہے جہاں سنیچر کے روز آرچ بشپ ڈسٹمنڈ ٹوٹو کی تدفین کی گئی تھی۔ اس علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔

رواں سال مارچ میں بھی پارلیمنٹ کے پرانے حصوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی لیکن اس پر جلد قابو پا لیا گیا تھا۔

ج ا / ص ز (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں