1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کلین سویپ کا خواہاں

طارق سعید، لاہور21 اکتوبر 2013

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ماضی میں کبھی بھی کلین سویپ نہیں کیا مگر بدھ سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس تاریخ رقم کا سنہری موقع ہوگا۔

تصویر: DW/T. Saeed

ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے اس لیے پہلا معرکہ چار دن میں مارنے کے بعد بھی مصباح الحق نے اپنے کھلاڑیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ مصباح کا کہنا تھا کہ ایک میچ ہارنے کے بعد جنوبی افریقہ بری ٹیم نہیں بن جائے گی، وہ اب بھی دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے، ’’ ہم نے پہلے میچ میں چاروں دن اچھی کرکٹ کھیلی مگر جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ورلڈ کلاس ہیں اور وہ کسی بھی لمحے واپس آسکتے ہیں۔‘‘

پاکستانی کپتان اور ٹیم حال ہی میں زمبابوے کی نان رینکنگ ٹیم سے ہارنے کے بعد بری طرح تنقید کی زد میں تھے مگر ابو ظہبی ٹیسٹ میں شاندار اور غیر متوقع کامیابی نے راتوں رات سب کچھ بدل دیا ہے۔ مصباح الحق نے کامیابی کے اس کے اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ تمام فرق کنڈیشنز کا ہے، جو یہاں ہماری بیٹنگ اور باؤلنگ کے لیے سازگار ہیں۔‘‘

تصویر: DW/T. Saeed

پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایسے وقت پر کھیل رہی ہے، جب ملک میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور عبوری چئیرمین نجم سیٹھی کے ہاتھ سے نکل رہی ہے۔ نواز حکومت نے نجم سیٹھی کو قانونی پیچیدگیوں سے بچانے کے لیے انہی کی سربراہی میں گز شتہ ہفتے پی سی بی پر ایڈہاک لگادی تھی مگر پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو نومبر تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کا حکم دے کر سیٹھی کی ہی رہی سہی اُمیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔ اس غیر یقینی صورتحال میں پاکستانی ٹیم کو کامیابی کی شاہراہ پر واپس دیکھ کر کوچ ڈیو واٹمور کو کسی قسم کی حیرت نہیں ہو رہی ۔

واٹمور کہتے ہیں، ’’لوگ زمبابوے سے ہارنے کے بعد کہہ رہے تھے کہ دنیا کی نمبر ایک ٹیم کے خلاف آپ کی جیت کا کوئی امکان نہیں مگر مجھے ٹیم کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت پرکبھی شبہ نہ تھا۔ ہماری بہتر تیاری کے ساتھ مختلف حالات میں کھیلنا اہمیت رکھتا ہے مگر بدقسمتی سے بعض لوگوں کو اس کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا ہے جوسامنے ہو۔‘‘

عام طور پر ایشیا میں پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد میزبان ٹیمیں باقی میچوں میں ڈرا کی خاطر مردہ وکٹوں کا سہارا لیتی ہیں مگر پاکستانی کپتان مصباح الحق کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

مصباح کہتے ہیں، ’’ہم نےدبئی گراؤنڈ اسٹاف کو واضح ہدایات دی ہیں کہ میچ نتیجہ خیز ہوکیونکہ جب منفی ذہنیت کے ساتھ میدان میں اتریں تو آپ کو اچھا نتیجہ نہیں ملتا۔‘‘

سابق شہرہ آفاق پاکستانی اسپن باؤلر عبدالقادر کا ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ میں پہلی بار کلین سویپ کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ عبدالقادر کا کہنا تھا آملہ کے بغیر جنوبی افریقہ کی ٹیم مزید کمزور ہوگی اور کلین سویپ کا اس سے اچھا موقع پاکستان کو پھر نہیں ملے گا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف گز شتہ دس برس میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی۔ پہلی اور آخری بار پاکستان نے یہ میدان انضمام کی کپتانی میں دو ہزار تین میں مارا تھا۔

دریں اثناء جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کا تربیتی کیمپ پیر کو لاہور میں شروع ہوگیا۔ ون ڈے ٹیم میں شاہد آفریدی کے علاوہ محمد حفیظ، بھی شامل ہیں جبکہ وہاب ریاض اور عمر اکمل کی واپسی ہو رہی ہے۔ عمر اکمل وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں