جنوبی کوریا: جاسوسی کے الزام میں آرمی کیپٹن گرفتار
29 اپریل 2022جنوبی کوریا میں پولیس حکام نے 28 اپریل جمعرات کے روز بتایا کہ شمالی کوریا کے ایک ایجنٹ نے جنوبی کوریا کے عسکری نظام تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دو افراد کو جاسوسی کے لیے بھرتی کیا تھا اور انہیں کرپٹو کرنسی میں ادائیگی بھی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جاسوسی کے الزام میں جن دو افراد کو گرفتار کیا ہے، وہ دونوں جنوبی کوریا کے شہری ہیں۔ ان میں سے ایک کی شناخت تاجر کے طور پر کی گئی ہے جو کرپٹو کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا، جب کہ دوسرا فوج میں کیپٹن تھا۔
حکام نے بتایا کہ دونوں افراد کو اچھی طرح سے معلوم تھا کہ وہ شمالی کوریا کے ایک ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھے۔ تاہم حکام نے ایجنٹ کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
پیونگ یانگ کا ہدف جنوبی کوریا کا کمانڈ نیٹ ورک تھا
جنوبی کوریا کی پولیس کے مطابق شمالی کوریا کے ایجنٹ اور 38 سالہ تاجر میں چھ سال قبل ایک آن لائن کرپٹو کرنسی کمیونٹی میں پہلی بار رابطہ ہوا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے ایجنٹ نے بعدمیں 29 سالہ فوجی کپتان سے الگ سے رابطہ کیا۔
حکام کے مطابق، ایسا لگتا ہے کہ ایجنٹ کی جنوبی کوریا کے خفیہ عسکری نیٹ ورک 'جوائنٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم' میں دلچسپی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ کاروباری شخص نے مبینہ طور پر ایک خفیہ کیمرے سے لیس کلائی گھڑی خریدی اور اسے کیپٹن کو فراہم کیا، تاہم فوجی افسر نے اس نفیس آلے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون کو ترجیح دیا اور اس کا انحصار اسی پر تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے کوریا کی نیشنل پولیس ایجنسی کے ایک بیان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حکام کے خیال میں مذکورہ تاجر ایک یو ایس بی ڈرائیو کی مدد سے ایک ہیکنگ ڈیوائس استعمال کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس تاجر نے خفیہ راز حاصل کرنے کے بدلے میں ایک اور فوجی افسر کو بھی رشوت دینے کی کوشش کی، تاہم اس فوجی افسر نے ان کی اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
کرپٹو کرنسی میں پانچ لاکھ سے زیادہ ڈالر کا استعمال
تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے جاسوسوں کو ادائیگی کے لیے کرپٹو کرنسی کا استعمال کیا اور تقریبا ً70 کروڑ وون یعنی تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم ادا کی گئی۔ فوج کے کیپٹن کو الگ سے ایک خطیر رقم مہیا کی گئی۔
جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام کوششوں کے باوجود شمالی کوریا 'جوائنٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم' تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جنوبی کوریا کے کیپٹن نے نیٹ ورک کی لاگ ان معلومات کے ساتھ ہی اس کی ویب سائٹ کی بعض تصاویر اور ملٹری سکیورٹی سے متعلق بعض معلومات ان تک بھیجی تھیں۔
دونوں جنوبی کوریائی شہریوں پر ملک کے سخت قانون قومی سلامتی ایکٹ کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
ص ز/ ج ا (ایجنسیاں)