1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا، اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کے لیے جوڑ ملنا مشکل

Mustafa15 مارچ 2012

اگر آپ جنوبی کوریا میں ہیں، آپ کی عمر 30 سال سے زائد ہے اور آپ کے پاس ماسٹرز کی ڈگری ہے تو آپ کو اپنا جیون ساتھی ڈھونڈنے کے لیے مُشاطہ یا رشتہ لگوانے والے کی مدد درکار ہوگی۔

جیون ساتھی کا انتخاب کسی بھی معاشرے میں آسان نہیںتصویر: picture-alliance/dpa

جنوبی کوریا میں، جو کہ ایشیا کا ایک امیر ملک ہے خواتین روز بروز زیادہ تعلیم یافتہ ہوتی جا رہی ہیں۔ سن 1995 کے مقابلے میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد 5 گنا زیادہ ہو گئی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اب وہ اپنے شوہروں کے انتخاب میں پہلے سے کہیں زیادہ محتاط ہو گئی ہیں اور ان کے انتخاب کا معیار بھی کافی بلند ہو گیا ہے۔ اب صورتحال پہلی جیسی نہیں ہے، جب کوریا کی خواتین اپنے جیون ساتھی کے چناؤ میں نہایت روایتی سمجھی جاتی تھیں۔

سیول کے ایک کالج کی طالبہ ’لی‘ جو صرف اپنے دوسرے یا فیملی نام سے جانی جانا چاہتی ہیں کیونکہ یہ اُن کی اپنی خواہش ہے، کہتی ہیں، ’ایم اے کی ڈگری کے ساتھ اپنے پسند کا شوہر تلاش کرنا بی اے کی ڈگری والی خاتون کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل ہے۔‘

نوجوان اپنی زندگی کے بارے میں جذباتی فیصلہ کرتے ہیںتصویر: AP

اعداد و شمار کے مطابق کوریا میں خواتین کی شادی کے لیے آمادہ ہونے والی عمر میں گزشتہ 20 سالوں کے درمیان اوسطا چار اعشاریہ ایک فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اب یہ عمر 28 سے 29 سال کے بیچ ہو گئی ہے۔ اس لیے کوریا میں ماؤں کو سخت پریشانی اور تشویش لاحق ہے۔ ’آہن‘ کی عمر پچاس اور پچپن کے درمیان ہے، وہ اپنی بیٹی کے بارے میں کہتی ہیں، ’میری بیٹی کی عمر 30 سال سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس عمر کو کوریا میں شادی کے لیے بڑی عمر سمجھا جاتا ہے۔ میں اپنی بیٹی کے مناسب رشتے کے لیے اُسے سیؤل کے میرج بیورو لے گئی۔ مجھے ڈر تھا کہ کہیں یہ سال ضائع نہ ہو جائے کیونکہ آئندہ سالوں میں اس کا رشتہ ملنا اور مشکل ہو جائے گا۔ اب میں نے اسے اس شادی دفتر میں رجسٹر کرا دیا ہے‘۔

’ڈیو‘ نامی ایک فرم جو رشتے لگوانے کا کام انجام دیتی ہے، 26 ہزار اراکین پر مشتمل ہے۔ یہ اراکین مختلف ممبر شپ پروگراموں میں سے اپنے لیے مناسب پروگرام کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ان پروگراموں کی فیس ایک اعشاریہ آٹھ سے لے کر آٹھ اعشاریہ آٹھ وؤن کے درمیان ہوتی ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: حماد کیانی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں