1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوب مشرقی چین میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی

زبیر بشیر22 اکتوبر 2013

ہاربن شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے باعث ہر طرف پھلیے ہوئے کہرے نے چین میں نظامِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ سکولوں میں تعلیمی عمل معطل ہو گیا ہے، نظامِ ٹریفک درہم برہم ہے اور ہوائی اڈوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

Smog in Harbin China 21.10.2013
تصویر: Reuters

ھیلونگ جیانگ صوبے کے 11 ملین آبادی والے دارالحکومت ہاربن میں لوگوں کو انتہائی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی گہری کہر، دھند اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے دھوئیں نے وہاں حدِ نگاہ کو صفر کر دیا ہے۔

ماحول میں موجود کثافتوں کی پیمائش کے پیمانے کے مطابق ہاربن شہر کے اکثر علاقوں میں یہ ریڈنگ ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اگر یہ ریڈنگ تین سو سے تجاوز کر جائے تو اسے انتہائی مضرِ صحت خیال کیا جاتا ہے جبکہ عالمی ادارہء صحت کے مطابق یہ ریڈنگ یومیہ بیس سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔

ماحولیاتی آلودگی اس وقت بیجنگ شہر کا بھی سب سے بڑا مسئلہ ہےتصویر: picture-alliance/dpa

شہر میں چھائی ہوئی کُہر کی وجہ سے پرائمری اور مڈل سکولوں کو ہی بندش کا سامنا نہیں ہے بلکہ ہوائی اور زمینی ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہے۔ وہاں یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

چین میں فضائی آلودگی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں عالمی معیشت کی قیادت کے جنون میں سرگرم چینی قیاد ت کی اس اہم مسئلے سے چشم پوشی نے لوگوں کی تشویش کو بڑھا دیا ہے۔ دنیا کی اس دوسری بڑی معیشت میں اس مسئلے کو عدم مساوات سےتعبیر کیا جاتا ہے۔

مقامی میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ ایک طرف لوگوں کا سانس لینا دوبھر ہے تو دوسری طرف اعلیٰ سیاسی عہدیدار اور سرکاری افسران نے اپنے گھروں میں ہوا صاف کرنے والے مہنگے ترین پلانٹ نصب کر رکھے ہیں۔

ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والی اس صورت حال پر چین میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگ غصے اور خوف کے ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ کسی منچلے نے تو یہاں تک بھی کہہ دیا: ’’سخت محنت کے بعد ہم مڈل کلاس اور کمیونسٹ سوسائٹی سے نکل کر پریوں کی دنیا میں پہنچ گئے ہیں۔

چین میں تیز رفتار صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہےتصویر: picture-alliance/chromorange

جنوب مشرقی چین کے دیگر حصوں میں بھی ماحولیاتی آلودگی کے باعث کہر چھائی ہوئی ہے۔ تانگشان، چینگ چُن اس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

گذشتہ ہفتے دارالحکومت بیجنگ میں ماحولیاتی آلودگی سے خبردار کرنے کے لیے ایک نیا نظام متعارف کروایا گیا تھا، جس کے مطابق آلودگی ایک حد سے زیادہ بڑھنے پر حفاظت کے پیشِ نظر کسی بھی فیکٹری میں کام، کھلے عام بار بی کیو اور آتشبازی کو فوری طور پر روکا جا سکتا ہے۔

ماحولیاتی آلودگی اس وقت بیجنگ شہر کا بھی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ گذشتہ برس جنوری کے مہینے میں PM2.5 پیمانے پر فضا میں موجود کثافتوں کی ریڈنگ نو سو ریکارڈ کی گئی تھی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں