1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتاسرائیل

جنگ بندی معاہدہ: اسرائیلی وزیر اعظم پر دباؤ بہت بڑھ چکا

3 ستمبر 2024

غزہ میں چھ مغویوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کو بڑھتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ نتین یاہو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کافی کوششیں نہیں کر رہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو نے کہا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والے یرغمالیوں کو بچانے میں ناکامی پر معافی مانگتے ہیں
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو نے کہا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والے یرغمالیوں کو بچانے میں ناکامی پر معافی مانگتے ہیںتصویر: OHAD ZWIGENBERG/AFP

برطانیہ نے پیر کے روز کہا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی کچھ برآمدات معطل کر دے گا۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق ایک ''واضح خطرہ‘‘ موجود ہے کہ یہ ہتھیار بین الاقوامی انسان دوست  قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے کہا ہے کہ وہ لندن حکومت کے اس فیصلے پر ''سخت مایوس‘‘ ہیں۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو نے کہا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والے یرغمالیوں کو بچانے میں ناکامی پر معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹیلی وژن پریس کانفرنس کے دوران کہا، ''حماس کو اس کی بہت بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔‘‘ اسی دوران انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں کسی بھی قسم کی کوئی ''رعایت‘‘ نہیں دی جائے گی۔

اس موقف کے جواب میں حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ پر اپنا فوجی دباؤ برقرار رکھتا ہے، تو باقی یرغمالی بھی ''تابوتوں کے اندر‘‘ واپس جائیں گے۔ ابو عبیدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ''قیدیوں‘‘ کی حفاظت کرنے والے عسکریت پسندوں کو ''نئی ہدایات‘‘ دی گئی ہیں کہ اگر اسرائیلی فوجی ان کے پاس پہنچیں، تو انہیں کیا کرنا ہے۔

غزہ میں چھ مغویوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کو بڑھتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہےتصویر: Menahem Kahana/AFP

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن میں قطر اور مصر کے ساتھ مل کر کام کرنے والے امریکی مذاکرات کاروں سے ملاقات کی تاکہ جنگ بندی کے اس معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے، جس کے تحت اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ میں باقی یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جانا ہے۔

جب نامہ نگاروں نے صدر جو بائیڈن سے پوچھا کہ کیا ان کے خیال میں نیتن یاہو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ کرنے کے لیے کافی کام کر رہے ہیں، تو صدر بائیڈن نے جواب دیا، ''نہیں۔‘‘

نیتن یاہو نے پیر کو ایک مرتبہ پھر کہا تھا کہ اسرائیل کو مصر کے ساتھ سرحد پر غزہ کے ایک اہم ''فلاڈیلفی کوریڈور‘‘ کا کنٹرول برقرار رکھنا چاہیے۔ حماس اور اسرائیل کے مابین جاری مذاکرات میں یہ ایک اہم نکتہ ہے کیوں کہ حماس کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل وہاں اپنا کنٹرول ختم کرے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لیے غزہ کی جنگ کو طویل کر رہے ہیں۔

نہ صرف بین الاقوامی سطح پر بلکہ اسرائیل کے اندر بھی نتین یاہو پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اتوار کے روز غزہ پٹی میں چھ اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد پیر کو اسرائیل کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین ''ہسٹاڈروٹ‘‘ نے ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی تھی۔ تاہم اسرائیل کے چند بڑے شہر اس سے متاثر نہیں ہوئے تھے اور ایک عدالتی حکم کی وجہ سے یہ ہڑتال ختم کرنا پڑی تھی۔

پیر کو ہزارہا افراد تل ابیب کی سڑکوں پر نکلے اور مظاہرین نے ایسے نعرے لگائے، ''یہ ہمارے لیے آخری موقع ہے! ابھی ڈیل کرو!‘‘

پیر کو ہزارہا افراد تل ابیب کی سڑکوں پر نکلےتصویر: Oren ZIV/AFP

''ہسٹاڈروٹ‘‘ کے رہنما آرنون بین ڈیوڈ کا ''وائے نیٹ نیوز‘‘ نامی ویب سائٹ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''ہم صرف تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے۔ غزہ کی سرنگوں میں یہودیوں کا قتل ہونا ناقابل قبول ہے۔ ہمیں (حماس کے ساتھ) ایک معاہدہ کرنا ہے، ایک معاہدہ، جو اس وقت کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ اہم ہے۔‘‘

مظاہرین میں شامل ایک شخص نے ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا، جس پر لکھا تھا، ''ہمارے دل جل رہے ہیں۔ ہم اس خونی حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔‘‘ مظاہرین نے باقی 97 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ اسرائیلی فوجی اعداد و شمار کے مطابق 33 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں۔

غزہ پٹی میں وزارت صحت کے مطابق حماس کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک غزہ میں کم از کم 40,819 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں سے زیادہ تر فلسطینی خواتین اور بچے تھے۔

سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں 1,205 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق ان میں وہ اسرائیلی یرغمالی بھی شامل ہیں، جو غزہ میں ہلاک ہوئے۔

غزہ کی اس جنگ نے علاقائی کشیدگی کو بھی بڑھا دیا ہے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی تشدد میں اضافہ ہوا ہے، جو غزہ سے الگ فلسطینی علاقہ ہے۔ گزشتہ بدھ کے روز سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں جاری اسرائیلی عسکری کارروائیوں میں وہاں بھی کم از کم 24 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ا ا/ا ب ا، م م (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں