1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنگ کے پھول: نئی تاریخی فلم کی ریلیز

16 دسمبر 2011

چین کے شہور ہدایتکار ژانگ یی مو کی نئی فلم دی فلاورز آف وار (The Flowers of War) کو اکیڈیمی ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ فلم اس بھیانک دور پر مبنی ہے، جب جاپانی فوج نے سن 1937 میں نانکنگ میں قتل عام کیا تھا۔

کرسٹیئن بیلتصویر: picture alliance / abaca

دسمبر سن 1937کے نانکِنگ شہر کو آج کا نان جِنگ کہا جاتا ہے۔ اس وقت یہ انتہائی ترقی یافتہ اور کئی عظیم الشان عمارتوں کا خوبصورت شہر ہے۔ دوسری جاپان چین جنگ کے دورن اس شہر کو جاپانی فوج کے انتہائی ظلم و جبر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چھ ہفتوں کے دوران جاپانی فوج نے ہزاروں سویلین اور چینی فوجیوں کو قتل کرنے کے علاوہ 20 سے 80 ہزار کے درمیان بچوں، عورتوں اور مردوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب بھی کیا۔

فلم دی فلاورز آف وار (The Flowers of War) اسی نان جنگ قتل عام کے ایک واقعہ پرمبنی ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار چینی فلم انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار ژانگ یی مو ہیں۔ یی مو کئی بڑے فلمی میلوں میں اعلیٰ انعام کے حقدار ٹھہرائے جا چکے ہیں۔ ان میں برلن کا فلمی میلہ بھی شامل ہے۔ یہ فلم چین کی مشہور ادیبہ جیلنگ یان (Geling Yan) کے ناول نان جِنگ کی تیرہ خواتین (The 13 Women of Nanjing) پر مبنی ہے۔ اس ناول میں بھی نان جنگ المیے کو سمویا گیا ہے۔

کرسٹیئن بیل: انتہائی بائیں جانب، آسکر ایوارڈز کی تقریب میںتصویر: dapd

چینی ہدایتکار ژانگ یی مو نے سن 2010 میں اس فلم کو تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب یہ فلم سولہ دسمبر کے روز چینی سینما گھروں میں ریلیز کی جا رہی ہے۔ یورپ اور شمالی امریکہ میں اسی ماہ کے آخری ہفتے میں یہ فلم ریلیز کر دی جائے گی۔

اگلے سال فروری میں امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی آسکر ایوارڈز کے لیے فلم دی فلاورز آف وار کو غیر ملکی فلم کی کیٹگری میں منتخب کر لیا گیا ہے۔ حکومت چین نے بھی اس فلم کی باضابطہ آسکر میں نامزدگی کی درخواست دے دی ہے۔ فلم دی فلاورز آف وار کی بیشتر عکس بندی امریکی ریاست مشیگن کے مختلف علاقوں میں کی گئی ہے۔

اس فلم کی کاسٹ میں کئی ملکوں کے اداکار شامل ہیں۔ چین ،جاپان اور امریکی اداکاروں کے ساتھ ساتھ فلم کا مرکزی کردار اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکار کرسٹیئن بیل (Christian Bale) نے ادا کیا ہے۔ کرسٹیئن بیل کو سن 2010میں فلم دی فائٹر میں معاون اداکار کی کیٹگری میں آسکر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ فلم دی فلاورز آف وار میں کرسٹیئن بیل نے جس کردار نگاری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ اس پر ایک اور آسکر جیتنے کی امید کر سکتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں