'جوابی حملوں نے امریکی گھمنڈ کو زک پہنچائی‘
17 جنوری 2020وہ آج تہران میں جمعے کی نماز کا خطبہ دے رہے تھے۔ آٹھ سال میں یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے دارلحکومت میں ایک بہت بڑے اجتماع کی نمازِ جمعہ کی امامت کی۔
اس موقع پر ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ تہران کے قریب یوکرائن کے مسافر طيارے کو غلطی سے گرایا جانا، ایک بہت بڑا سانحہ ہے لیکن اس واقعے کو جنرل سلیمانی کی قربانی پر حاوی نہیں ہونا چاہییے۔
ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی دو ہفتے قبل عراق میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے، جس کے بعد ایران نے عراق میں امریکی اڈوں پر کئی میزائل داغے تھے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ 'جہاز گرنا ایک تلخ حادثہ تھا‘ جس نے لوگوں کے دلوں کو ہلا دیا ہے۔ تاہم ان کے مطابق اس کا یہ مطلب نہیں کہ جنرل سلیمانی کی 'قربانی اور شہادت‘ کو بھلا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ "ہمارے دشمن جہاز گرنے پر خوش ہے جبکہ ہم غمگین ہیں۔"
آيت اللہ علی خامنہ ای نے مزيد کہا کہ ایران کے دشمن اس حادثے کو پاسداران انقلاب، ایرانی افواج اور پورے نظام پر انگلیاں اٹھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ایران یوکرائن کا ايک مسافر طيارہ گرانے کے بعد عالمی دباؤ میں ہے جبکہ اس سانحے پر ملک کے اندر بھی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تہران حکومت کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی بھرپور چھان بین کی جائے گی اور غلطی میں ملوث افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
اس موقع پر ايران کے رہبرِ اعلٰی نے جنرل قاسم سلیمانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایران کے لوگ سرحدوں سے باہر ملک کی سلامتی کے لیے ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔
اپنے خطبے میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے 'بُزدلی سے جنرل سلیمانی کو دہشت گرد حملے میں قتل کیا۔ اس کا نتیجہ امریکا کے لیے ذلت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد امریکی اڈوں پر ایران کے جوابی حملوں سے امریکی وقار کو دھچکہ لگا۔