1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایران

جوہری سرگرمیوں پر تشویش، آئی اے ای اے کے سربراہ ایران میں

6 مئی 2024

اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسی پیر کو ایران پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ ایک کانفرنس سے خطاب اور تہران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسی
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسیتصویر: Leonhard Foeger/REUTERS

رافائل گروسی کا یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے، جب علاقائی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) جوہری تنصیبات کے معائنے اور دیگر مسائل کے حوالے سے تعاون نہ کرنے پر تہران حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

توقع ہے کہ آئی اے ای اے کے سربراہ گروسی ''نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘‘ پر ایران کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے ایک تقریر بھی کریں گے۔ پیر سے شروع ہونے والی یہ تین روزہ کانفرنس صوبے اصفہان میں منعقد ہو رہی ہے، جہاں نطنز میں یورینیم کی افزودگی کا ایک پلانٹ بھی ہے اور جہاں گزشتہ ماہ اسرائیل کی جانب سے حملے بھی کیے گئے تھے۔ آئی اے ای اے اور ایرانی حکام نے اطلاع دی تھی کہ اصفہان پر مبینہ اسرائیلی حملے سے جوہری تنصیبات کو ''کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘‘

اسرائیل نے یہ حملہ ایران کی طرف سے اسرائیل پر داغے جانے والے براہ راست میزائلوں کے جواب میں کیا تھا۔ اس ایرانی انتقامی کارروائی سے قبل اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے کو نشانہ بنایا تھا۔

اسلامی جمہوریہ کے جوہری پروگرام کے سربراہ محمد اسلامیتصویر: Atomic Energy Organization Of Ir/ZUMA/picture alliance

اپنے اس دورے کے دوران گروسی کی اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں اس اسلامی جمہوریہ کے جوہری پروگرام کے سربراہ محمد اسلامی بھی شامل ہیں۔ گزشتہ بدھ کے روز محمد اسلامی نے کہا تھا، ''ہمیں یقین ہے کہ ان مذاکرات سے ابہام دور کرنے میں مزید مدد ملے گی اور ہم اس عالمی ایجنسی کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘

اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے مطابق ایران نے حالیہ چند برسوں سے اپنی جوہری تنصیبات پر آئی اے ای اے کے نگرانی کے آلات کو غیر فعال کر رکھا ہے اور اس کے معائنہ کاروں کو ان تنصیبات تک جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران اس ادارے کے سربراہ گروسی نے آخری مرتبہ مارچ 2023 میں ایران کا دورہ کیا تھا اور تب صدر ابراہیم رئیسی سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

ایران نے گزشتہ برس اپنی تنصیبات میں یورینیم کی افزودگی کی رفتار کو سست کر دیا تھا، جسے خیر سگالی کے طور پر دیکھا گیا تھا اور اس کے بعد تہران اور وشنگٹن کے مابین بالواسطہ اور غیر رسمی بات چیت کا آغاز ہوا تھا۔

اتوار کو ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا کے ذریعے ایک بیان بھی جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق گروسی کا دورہ دونوں فریقوں کو، خاص طور پر  معائنہ کاروں کے حوالے سے، اپنے تحفظات کے اظہار کا موقع فراہم کرے گا۔

ا ا / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں