جوہری پروگرام کے حوالے سے نئی کامیابیوں کا اعلان جلد، ایرانی صدر کا دعویٰ
11 فروری 2012
ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ریلی کے اختتام پر تہران کے آزادی اسکوائر میں خطاب کیا اور امریکہ کو اسرائیل کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے عرب ممالک کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بعد ان کی باری بھی آ سکتی ہے۔ احمدی نژاد نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ایران جوہری پروگرام کے حوالے سے نئی کامیابیوں کا جلد اعلان کرے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ اور یورپی یونین ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔ ’انقلاب ایران‘ کے بعد سے ایران میں مذہبی طبقے کی حکومت چلی آ رہی ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کے روز تیس ہزار کے قریب افراد موجود تھے۔ اس موقع پر ایرانی حکومت نے حماس کے رہنما اسماعیل حنیہ کو بھی مدعو کیا تھا، جنہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’حماس کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گی۔‘‘
احمدی نژاد نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ’’اگر ایران کے خلاف دھونس دھمکی کی زبان استعمال کی گئی تو اس سے گھبرا کر ایران گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔‘‘ ایرانی صدر نے جوہری پروگرام کے حوالے سے ’انکشافات‘ کا ذکر تو کیا مگر یہ نہیں بتایا کہ یہ ’انکشافات‘ کس نوعیت کے ہیں۔
ایرانی صدر کو داخلی سطح پر کئی سیاسی اور اقتصادی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ مبصرین کے مطابق اسرائیل، امریکہ اور مغربی ممالک کے بارے میں اپنے مخصوص انداز میں بیان بازی احمدی نژاد کی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف