1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جو یورپ کے لیے اچھا ہے وہی جرمنی کے لیے بھی بہتر ہے، میرکل

27 جون 2020

جرمن چانسلر نے کورونا وبا سے پیدا ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے یورپی یکجہتی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔

تصویر: AFP/T. Schwarz

چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ کورونا سے متاثرہ ملکوں کی امداد کے لیے یورپی یونین کے اقتصادی بحالی کے پروگرام میں جرمنی اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا کرنا ان کے اپنے ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا، "جو یورپ کے لیے بہتر ہے وہی جرمنی کے لیے بھی بہتر ہے۔"

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور چانسلر میرکل نے گزشتہ ماہ اس مقصد کے لیے پانچ سو بلین یورو مختص کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس سے پہلے جرمنی دوسرے ملکوں کو قرضے دینے میں عدم دلچسپی اور ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔

میرکل نے کہا کہ جرمنی پر قرضوں کا بوجھ کم ہے اور ان غیر معمولی حالات میں متاثرہ ملکوں کی مدد کے لیے کچھ اور قرضہ لیا جا سکتا ہے۔ جرمن چانسلر کا یہ انٹرویو جرمنی، برطانیہ، اٹلی، فرانس، اسپین اور پولینڈ کے مقبول اخبارات کی طرف سے لیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں جرمن رہنما نے کہا کہ کورونا کی وبا یورپی یونین کے لیے ایک بڑے چیلنج کے طور پر ابھری ہے۔ میرکل کے مطابق اس ہمہ جہتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/M. Schreiber

جرمن چانسلر نے کہا کہ یہ مالی امداد ان ملکوں کے لیے ہوگی جن کی معیشت کووڈ انیس کی وجہ سے کمزور ہو گئی۔ انہوں نے ان ملکوں میں اسپین اور اٹلی کا حوالہ دیا۔

میرکل نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں یورپی یونین کی بقا متحد رہنے میں ہے۔ انہوں نے کہا  کہ معاشی بحالی کا فنڈ یورپ کو درپیش تمام مشکلات کا حل نہیں، جن میں عوامیت پسندی اور قوم پرستی ایک بڑا چیلنج ہے۔ میرکل کے مطابق اس قسم کے رجحانات نے یورپی اقوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

جرمن چانسلر نے واضح کیا کہ یورپ کی بقا اس کی اقتصادی طاقت میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے جمہوری اقدار کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

چانسلر انگیلا میرکل کے یہ خیالات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یکم جولائی سے یورپی یونین کی ششماہی صدارت جرمنی کے حوالے کی جا رہی ہے۔

 

ع ح، ش ج (نیوز ایجنسیاں)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں