1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہاز حادثے کے شکار پولینڈ کے صدر کا ایک تعارف

11 اپریل 2010

ہفتے کےروز روس میں ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والے پولش صدر لیخ کاچنسکی دائیں بازو کے قدامت پسند سیاستدان تھے۔ ان کا شمار روایات پسند رہنماؤں میں ایک اہم شخصیت کے طور پر کیا جاتا تھا۔

تصویر: AP

لیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی جاروسلاؤسابق پولستانی وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت لاء اینڈ جسٹس پارٹی کے رہنما ہیں۔ جاروسلاؤ کاچنسکی کی پیدائش کے 45 منٹ بعد پیدا ہونے والے لیچ کاچنسکی کو وارسا کے میئر کی حیثیت سے ہم جنس پرستی پر مکمل پابندی کی حمایت نے ملک کے قدامت پسند طبقے میں مقبولیت دی۔ 2005ء میں وہ ملکی صدر منتخب ہوئے۔ متوقع طور پر وہ رواں برس موسم خزاں میں ہونے والے انتخابات میں بھی شامل ہونے والے تھے۔

کاچنسکی کے عقیدت مند ان کے انتقال پر تعزیت کے اظہار کے دورانتصویر: AP

اٹھارہ جون 1949 کو پیدا ہونے والے اور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے کاچنسکی برادران نے ابتداء میں قانون کی تعلیم حاصل کی۔ ان کے والد 1940ء میں نازیوں کے خلاف سرگرداں رہنے والے ایک قدامت پسند رہنما تھے اور والدہ دوسری عالمی جنگ کے دور میں بحیثیت نرس اور پھر بعد میں ایک اسکول ٹیچر کے طور پر خدمات سرانجام دیتی رہیں۔

کاچنسکی نے انتظامی امور اور قانون کی تعلیم وارسا یونیورسٹی سے حاصل کی اور پھر گڈانسک یونیورسٹی سے مزدوروں کے حقوق اور ان سے متعلق قوانین میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ کاچنسکی 1970ء کی دہائی میں سویت بلاک میں شامل قیادت اور اشتراکیت کے خلاف کھلے بندوں سرگرداں رہے۔ 1980 میں انہوں نے شمالی پولینڈ میں لیچ والیسا کی رہنمائی میں مزدوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی سٹرائیک کمیٹی کے مظاہروں کے دوران اس کمیٹی کے لئے مشیر کی خدمات سرانجام دیں۔

لیخ کاچنسکی نے قوانینِ محنت اور تاریخ پر بہت سے مضامین لکھے اور متعدد مزدور یونینز کے لئے کام کیا۔ دسمبر1981ء میں پولینڈ میں مارشل لاء کے نفاذ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اور وہ تقریبا ایک سال حراستی مرکز میں رہے بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔ کمیونسٹ رجیم کے کمزور ہوجانے کے بعد 1989ء میں انہوں نے سالمیت کے حوالے سے شروع ہونے والے مذاکراتی عمل میں بھی حصہ لیا۔ ان مذاکرات میں پولینڈ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد کے پہلے آزاد جماعتی انتخابات کے انعقاد کو حتمی شکل دی گئی۔ کاچنسکی 1992 سے 1995ء تک سپریم چیمبر آف کنٹرول کے سربراہ رہے اور بعد میں انہیں وارسا کے میئر کی ذمہ داریاں حاصل سونپی گئیں۔ وہ ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والی جنگ کا مرکزی کردار سمجھے جاتے تھے اور انہوں نے پولینڈ سے کرپشن کے خاتمے کے لئے سخت محنت کی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں