Generation Y
9 ستمبر 2014
جینیریشن ’وائی‘ میں اُن نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے، جن کی عمریں آج کل 15سے تیس سال کے درمیان ہیں۔ یہ نوجوان زندگی کے مقصد اور اسی طرح کے دیگر سوالات کے جوابات ڈھونڈ رہے ہیں۔ جرمن ادیب کلاؤس ہورلمان کے خیال میں یہ وہ لوگ ہیں، جو اپنے معاملات کو پچھلی نسلوں کے مقابلے میں مختلف انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں۔ سماجی علوم اور نوجوانوں کے امور کے ماہر ہورلمان نے اپنی یہ نئی کتاب ایک صحافی ایرک البریشٹ کے ساتھ مل کر مکمل کی ہے۔ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہ انہوں نے اپنی اس تصنیف کے لیے ’خفیہ انقلابی‘ کا نام کیوں منتخب کیا، ہورلمان کا کہنا تھا کہ 1968ء میں طلبہ کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک کو ابھی تک ایک انقلاب کا نام دیا جاتا ہے، یعنی انقلاب کے لیے جدوجہد سڑکوں سے شروع ہوئی اور اس نے نظام تبدیل کر ڈالا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ آج کل کی نسل سیاسی شعبے پر احتجاج کرنے کے حوالے سے کافی حد تک جامد ہے۔ یہ اور بات ہے کہ تعلیم یا روزگار کے معاملات میں ان کی آواز ضرور سنائی دیتی ہے۔
کلاؤس ہورلمان کے خیال میں جینیریشن ’وائی‘ اپنی جدوجہد کے نتیجے میں تعلیم کے شعبے کو مکمل طور پر تبدیل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب اسکولوں کا نظام نوجوانوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جانے لگا ہے۔ اسی طر ح اسکولوں میں اساتذہ کی مصروفیات میں مثبت تبدیلی رونما ہوتی ہے، جس کے بعد بچوں کا تعلیمی معیار ہی نہیں بلکہ نتائج بھی بہتر ہوتے چلے گئے ہیں۔ جینیریشن ’وائی‘ کو اس امر کا اندازہ ہے کہ تعلیم و تربیت کسی بھی معاشرے کی بہتری میں کس قدر اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہورلمان کہتے ہیں کہ 2000ء اور 2015ء کے درمیان پروان چڑھنے والوں نسل کو عالمی سطح پر دہشت گردی، علاقائی تنازعات اور قدرتی آفات کے علاوہ اقتصادی بحرانوں کا ہی سامنا رہا، جس کی وجہ سے طالب علموں کی ایک بڑی تعداد تعلیم اور بہتر روزگار سے محروم رہ گئی۔
اس سوال کے جواب میں کہ جرمنی میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے باوجود فارغ التحصیل طالب علموں کے ساتھ ساتھ درسگاہوں کو بھی معیار تعلیم سے شکایات کیوں ہیں، کلاؤس ہورلمان کا کہنا تھا کہ ایسا صرف اس وقت ہوتا ہے جب تعلیم صرف ڈگری لینے کے لیے حاصل کی جائے۔ جب نوجوانوں کی کوشش جلد از جلد ڈگری مکمل کرنا ہو اور انہیں اس کی فکر ہی نہ ہو کہ کیا سکھایا جا رہا ہے اور تعلیمی مواد اُن سے کیا مطالبہ کر رہا ہے، تو اس کا نتیجہ یہی نکل سکتا ہے۔
ہورلمان کے مطابق جینریشن ’وائی‘ پیچیدہ، انتہائی مبہم اور پریشان کن معاملات سے بھی حیرت انگیز طور پر بڑی ہوشیاری سے نمٹننے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لیے اسے سراہا جانا چاہیے۔ دوسری طرف اس جینریشن کی صرف اپنے فائدے کو پیشِ نظر رکھنے کی سوچ انسانوں کے باہمی رشتوں کو متاثر کر سکتی ہے اور اُنہیں ایسا بنا سکتی ہے کہ وہ صرف سطحی نوعیت کے رہ جائیں گے۔