حاضر سروس جرمن فوجی تابکار مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار
23 اکتوبر 2021
فرینکفرٹ میں دفترِ استغاثہ کے ایک بیان کے مطابق مغربی جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سے ملکی فوج کے ایک افسر کو اس الزام کے تحت کو حراست میں لے لیا گیا ہے کہ اس نے اپنی رہائش گاہ پر تابکار مواد ذخیرہ کر رکھا تھا، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
اس فوجی فوجی افسر کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران حکام نے جو خطرناک تابکار مادہ اپنی تحویل میں لے لیا، اس کا نام سٹرونٹئیم نوے (Strontium-90) ہے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس فوجی افسر نے یہ انتہائی خطرناک کیمیائی مادہ کیسے اور کہاں سے حاصل کیا تھا۔
بھارت: یورینیم کی خرید و فروخت پر گرفتاریاں
ماضی میں اسی فوجی افسر کی تحویل سے ہتھیار بھی برآمد کیے جا چکے ہیں۔ پولیس کی ایک ترجمان کے مطابق سابقہ الزامات کے ساتھ ساتھ اس ملزم پر اب غیر قانونی طور پر تابکار مواد اپنے پاس رکھنے کی باقاعدہ فرد جرم بھی عائد کر دی گئی ہے۔
گزشتہ چھاپہ
اسی ماہ کی بارہ تاریخ کو صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے ضلع ڈُیورین میں حکام نے آلڈن ہوفن کے مقام پر چھاپہ مار کر اسی جرمن فوجی افسر کے مکان سے بڑی تعداد میں ہتھیار، آتشیں مواد، دستی بم اور بارودی سرنگیں اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔
تب اس چھاپے کی وجہ اس فوجی اہلکار کے نام بھیجا گیا ایک بڑا پیکٹ بنا تھا، جسے فرینکفرٹ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹمز حکام نے شک کی بنیاد پر جب چیک کیا تھا، تو اس میں رائفل یا کسی پستول سے گولی چلاتے وقت نکلنے والی آواز کو دبانے والے سائلنسر موجود تھے۔ اس ملزم نے بعد ازاں تفتیشی حکام کو بتایا تھا کہ وہ یہ سائلنسر امریکا میں اپنے کسی جاننے والے کو بھیجنا چاہتا تھا۔
فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ، تابکاری مواد ٹھکانے لگانے پر تنازعہ
ملزم زیر حراست
وفاقی جرمن فوج کے اس بتیس سالہ افسر کو پولیس گرفتار کر چکی ہے اور پولیس اور وفاقی دفتر استغاثہ کے حکام کے علاوہ فوجی اہلکار بھی اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
جرمن وزارت دفاع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی چھان بین کے مطابق ملزم کے قبضے سے جو اسلحہ اور گولہ بارود چھاپے کے دوران قبضے میں لیا گیا، وہ جرمن فوج کے ذخیرے سے چوری شدہ نہیں ہے۔
اس ملزم کے گھر سے حکام کو چھاپے کے دوران کئی خفیہ دستاویزات بھی ملیں، جن کا تفتیشی ماہرین جائزہ لے رہے ہیں۔ وزارت دفاع نے ان دستاویزات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
شمالی یورپ میں جوہری تابکاری میں اضافہ، انگلیاں روس کی طرف اٹھتی ہوئیں
فرینکفرٹ میں وفاقی دفترِ استغاثہ نے تابکار مادے کی برآمدگی سے متعلق بیان جمعہ بائیس اکتوبر کو جاری کیا لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ زیر حراست فوجی افسر کی رہائش گاہ سے تابکار مادہ جس چھاپے کے دوران برآمد کیا گیا، وہ چھاپہ کس دن مارا گیا تھا۔
ع ح / م م (ڈی پی اے)