حزب اللہ کو ’سکڈ‘ میزائل فراہم نہیں کئے: شام
15 اپریل 2010شامی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسرائیلی حکومت شام کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتی چلی آرہی ہے۔’’کافی عرصے سے اسرائیل دمشق حکومت کے خلاف ایک مہم چلا رہا ہے کہ یہ لبنان میں سرگرم عمل گروپ حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کر رہی ہے۔ شام ایسے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ اسرائیل کی طرف سے ایسے الزامات کا مقصد خطے میں تناوٴ پیدا کرنے کے سوا اور کچھ بھی نہیں۔‘‘
اسرائیل کی جانب سے شام پر الزامات کے بعد امریکہ نے بدھ کے روز سخت تشویش ظاہر کی تھی۔
امریکہ نے کہا تھا کہ شام کی طرف سے حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کرنے کی خبریں اگر صحیح ہوئیں، تو لبنانی حکومت خود کو ’رسک‘ میں ڈال رہی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان فلپ کراوٴلی نے کہا اگر واقعی حزب اللہ کو میزائل فراہم کئے گئے ہیں تو یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 1701 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
شامی وزارت خارجہ نے تاہم زور دے کر کہا ہےکہ اسرائیل خطے میں ایسا پرتناوٴ ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ امن عمل متاثر ہو سکے۔
اسرائیلی صدر شیمون پیریز نے منگل کے روز شامی حکومت پر حزب اللہ کو سکڈ میزائل فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا تاہم ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ میزائل فراہم کئے جا چکے ہیں یا نہیں۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ا دارت: شادی خان سیف