1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسنی مبارک کے اثاثے: بین الاقوامی کارروائی کا برطانوی مطالبہ

14 فروری 2011

برطانوی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ مصر کے مستعفی ہو جانے والے صدر حسنی مبارک کے بیرون ملک تمام ممکنہ اثاثے منجمد کرنے کے لیے بین الاقوامی برداری کو مل کر منظم اقدامات کرنے چاہیئں۔

سابق مصری صدر حسنی مبارکتصویر: AP

لندن حکومت کو اندرون ملک اور بیرون ملک سے اس بارے میں مسلسل زیادہ ہوتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ اس سلسلے میں سوئٹزر لینڈ گزشتہ جمعہ کو وہ پہلا ملک بن گیا تھا، جس نے اپنے ہاں مصر میں تین عشروں تک اقتدار میں رہنے والے حسنی مبارک کے جملہ اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

برطانوی وزیر تجارت Vince Cable نے اتوار کے روز لندن میں کہا کہ حکومت کو ایسے کسی بھی برٹش بینک کے خلاف سخت کارروائی کا واضح اعلان کرنا ہو گا، جو حسنی مبارک یا ان کے خاندان کے ارکان کے نام جمع مالی وسائل کی منتقلی میں ملوث پایا جائے گا۔

حسنی مبارک اور ان کے بیٹے جمال مبارکتصویر: AP/DW-Montage

ونس کیبل نے برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں ذاتی طور پر یہ علم نہیں تھا کہ برطانیہ میں حسنی مبارک کی ملکیت وسیع تر اثاثے موجود ہیں اور اسی لیے اب ان کا موقف یہ ہے کہ ایسے اثاثوں کو منجمد کرنے کے لیے برطانیہ کو صرف اپنے طور پر ہی کوئی اقدامات نہیں کرنے چاہیئں بلکہ اس عمل میں بین الاقوامی سطح پر مربوط فیصلوں کی ضرورت ہو گی۔

اسی دوران برطانیہ میں جونیئر فارن آفس وزیر Alistair Burt نے واضح کیا ہے کہ لندن حکومت حسنی مبارک کے اثاثوں سے متعلق اپنے طور پر کوئی اقدامات اس وقت نہیں کر سکتی جب تک کہ قاہرہ میں ملکی فوج کی قیادت میں قائم عبوری حکومت کی طرف سے اسے کوئی باقاعدہ در‌خواست موصول نہ ہو۔

لندن میں برطانیہ کے Serious Fraud Office کے سربراہ رچرڈ آلڈرمین نے بھی اتوار کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک اخباری انٹرویو میں یہ اشارے دیے کہ ان کا محکمہ ملک میں موجود گزشتہ مہینے اقتدار سے محروم ہو جانے والے تیونس کے حکمران زین العابدین بن علی اور اب سابق مصری صدر حسنی مبارک کی ملکیت اثاثوں کا پورا پتہ چلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

اسی دوران جنگ مخالف برطانوی تنظیم Stop the War Coalition نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مرکزی نمائندے آج پیر کے روز لندن میں برٹش پارلیمنٹ کی عمارت میں، مصر میں جمہوریت کے لیے کوششیں کرنے والی کئی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں، حکومت سے یہ مطالبہ کریں گے کہ برطانیہ میں حسنی مبارک کی ملکیت تمام اثاثے منجمد کر دیے جائیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں