حسینہء کائنات کا تاج وینزویلا کی حسینہ کے سر
10 نومبر 2013آنکھوں کو چندھیا دینے والی روشنی سے بھرپور ایک تقریب میں گابریئلا اِیسلر نے دیگر تمام حسیناؤں کو خوبصورتی میں مات دیتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس تقریب میں منصفین میں ’ایروسمتھ‘ کے امریکی راک اسٹار سٹیون ٹائلر 86 دیگر حسیناؤں کے مقابلے میں اِیسلر کو سب سے ہوشربا قرار دینے والوں میں شامل تھے۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں کئی ملین افراد نے براہ راست دیکھا۔ گزشتہ برس برس کی حسینہء کائنات امریکی دوشیزہ اولیویا کلپو نے ہیروں کا تاج اِیسلر کے سر سجایا۔
اِیسلر وینزویلا سے تعلق رکھنے والی اب تک کی ساتویں حسینہء کائنات ہیں۔ خیال رہے کہ وینزویلا میں خوبصورتی کو ’قومی فخر‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد مس یونیورس کے بینڈ کو کندھے سے لٹکائے اِیسلر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’اس لمحے میں کئی محسوسات میں گھری ہوئی ہوں۔‘
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اِیسلر اس تقریب کے روح رواں اور امریکی ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ تھیں۔ اِیسلر کا کہنا تھا، ’میں اب بھی ایک دھچکے کی سی کیفیت میں ہوں۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں اس لمحے یہاں ہوں۔‘
گزشتہ برس مس وینزویلا منتخب ہونے والی اِیسلر نے مزید کہا، ’میرے لیے یہ انتہائی مسرت اور تفریح کے علاوہ ایک بہت بڑی کامیابی بھی ہے۔‘
اس سے قبل مقابلے کے اختتام پر راک اسٹار ٹائلر سے ایک انتہائی مختصر مگر پرجوش انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا سب سے بڑا خوف کیا تھا، تو انہوں نے ہسپانوی زبان میں تفصیلات میں جانے کے بجائے صرف یہ کہا کہ خوف کوئی بھی ہو، ہمیں اس پر قابو پانا چاہیے اور اسی سے ہی ہم مضبوط ہو سکتے ہیں۔
اتوار کے روز اِیسلر اب ایک ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ تیراکی کا ایک لباس پہنیں گی، جب کہ اس سے قبل حسینہء کائنات کی گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں گزشتہ برس کی مس یونیورس کلپو بھی ہیروں سے تیار کردہ ایک سوئمنگ سوٹ ہی میں اسٹیج پر نمودار ہوئیں تھیں۔