1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حفیط کی سنچری کی بدولت پاکستان کی شاندار فتح

عاطف توقیر23 دسمبر 2013

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں اتوار کے روز شارجہ میں ہونے والے مقابلے میں محمد حفیظ کی سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 113 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔

تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

محمد حفیظ نے سیریز میں اپنی دوسری سنچری بناتے ہوئے 140 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔ حفیظ نے اپنی اس اننگز میں 11 چوکے اور تین چھکے لگائے اور 136 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 140 رنز اسکور کیے۔ ایک وقفے کے بعد میدان میں اترنے والے عمر گل نے 19 رنز کے عوض سری لنکا کے تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے گئے تھے تاہم سری لنکا کی ٹیم 44.4 اوورز میں 213 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں کپتان مصباح الحق نے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ ہم نے پہلے بیٹنگ کی۔۔۔ حفیظ اور احمد نے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیا اور ہم آخر تک اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے۔‘‘

مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیاتصویر: T. Saeed

مصباح الحق کا مزید کہنا تھا، ’’عمر گل جس طرح آئے اور جس طرح انہوں نے وکٹیں لیں، اس سے بھی میچ کی ٹون سیٹ ہو گئی کیوں کہ ہم نئی بال سے وکٹیں نہیں لے پا رہے تھے۔ میں کھیل میں اپنے اسپنرز کے کھیل سے بھی بہت خوش ہوں۔‘‘

سری لنکا کی ٹیم نے 26 کے اسکور پر حفیظ کا کیچ چھوڑا، جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑا اور وہ احمد شہزاد کے ساتھ 160 رنز کی پارٹنر شپ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ احمد شہزاد نے اس میچ میں 81 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں اپنے گھٹنے کی تکلیف کا علاج کرانے کے بعد عمر گل ہفتے ہی کے روز شارجہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اتوار کے روز اس سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔ گُل رواں برس کے آغاز سے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے ٹاپ اسکورر تلکا رتنے دلشان رہے، جنہوں نے دس چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ میچ میں حفیظ نے 35 اور سعید اجمل نے 37 رنز کے عوض دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں