1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستمقبوضہ فلسطینی علاقے

حماس سیزفائر معاہدے کا احترام نہیں کر رہی، اسرائیل

16 جنوری 2025

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے حماس پر غزہ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملکی کابینہ سے اس معاہدے کی منظوری کو مؤخر کر دیا ہے، جب کہ حماس نے ان اسرائیلی الزامات کو رد کیا ہے۔

اسرائیلی شہری یرغمالیوں کی رہائی کے لیے پرامید ہیں
اسرائیلی شہری یرغمالیوں کی رہائی کے لیے پرامید ہیںتصویر: Ronen Zvulun/REUTERS

امریکی، مصری اور قطری ثالثی میں غزہ سیزفائر معاہدے کا اعلان بدھ کی رات کیا گیا تھا۔ اس ڈیل کا اطلاق اتوار کے روز سے ہونا ہے جب کہ اسرائیل کی جانب سے اس کی باقاعدہ منظوری ملکی سکیورٹی کابینہ کی توثیق کے ذریعے دی جائے گی۔ تاہم اس ڈیل کے اعلان کے بعد غزہ میں گزشتہ شب اسرائیلی فضائی حملوں میں 77 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس ڈیل کے تحت ابتدا میں چھ ہفتوں کے لیے فائربندی کی جانا ہے، جب کہ اس دوران غزہ سے بتدریج اسرائیلی فوجی انخلا ہونا ہے اور حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کو اسرائیلی جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیا جانا ہے۔

اس ڈیل سے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی ترسیل میں تیزی کی امید کی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں غزہ سے متصل مصری سرحد پر العریش کے علاقے میں سینکڑوں امدادی ٹرک غزہ میں داخلے کے منتظر ہیں۔

غزہ کے رہائشی سیزفائر معاہدے کی خوشی میں جشن منا رہے ہیںتصویر: Rizek Abdeljawad/Xinhua/IMAGO

اسرائیل نے اس ڈیل کو باقاعدہ طور پر ابھی قبول نہیں کیا

اسرائیل کی جانب سے اس ڈیل کی باقاعدہ توثیق سکیورٹی کابینہ کی منظوری سے نتھی ہے۔ جمعرات کے روز اس بابت کابینہ کا اجلاس ہونا تھا، تاہم وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس پر اس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کابینہ کا اجلاس مؤخر کر دیا ہے۔ نیتن یاہو کے دفتر کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ''اسرائیلی کابینہ کا اجلاس اس وقت تک نہیں ہو گا جب کہ ثالث اسرائیل کو باضابطہ طور پر یہ نہیں بتا دیتے کہ حماس اس معاہدے کے تمام نکات کو قبول کرتی ہے۔‘‘

دوسری جانب حماس کے ایک سینیئر عہدیدار عزت الرشیق نے کہا کہ ان کی تنظیم بدھ کے روز اعلان کردہ فائربندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت اس معاہدے کو روکنے کی حامی ہے، تاہم ان کی کابینہ میں شامل زیادہ تر وزراء کی جانب سے اس ڈیل کی منظوری کی توقع کی جا رہی ہے۔

اسرائیل اور غزہ پر ٹرمپ اور ہیرس کا موقف کیا ہے؟

01:37

This browser does not support the video element.

سیزفائر سے استحکام پیدا ہو گا، روس کو امید

روس کی جانب سے غزہ سیزفائر معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسے اس ڈیل سے خطے میں استحکام کی امید ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق، ''سیزفائر ڈیل خطے میں اسرائیلی فلسطینی تنازعے اور کشیدگی میں کمی اور ایک طویل المدتی استحکام کے لیے بہت اہم قدم ہے۔‘‘

تاہم اسرائیلی کابینہ کی جانب سے اس ڈیل کی منظوری نہ ہونے پر روس نے محتاط تبصرہ کیا ہے۔ روسی بیان کے مطابق ماسکو اس سلسلے میں آئندہ کی پیش رفت کا منتظر ہے۔

ع ت / م م، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں