1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ جنگ میں مرنے والے 35 ہزار فلسطینیوں کے نام جاری

16 ستمبر 2024

غزہ میں حماس کے زیرانتظام ہیلتھ اتھارٹی نے ایسے تقریباً 35 ہزار فلسطینیوں کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جو اس علاقے میں گزشتہ اکتوبر سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

غزہ پر اسرائیل کے حملے کے بعد کی ایک تصیور
فائل فوٹوتصویر: Moez Salhi/Anadolu/picture alliance

حماس کے زیر انتظام  وزارت صحت کی طرف سے شائع کردہ 649 صفحات پر مشتمل فہرست میں کل 34,344 ہلاک شدگان  کے نام درج ہیں۔ تاہم اس فہرست میں جنگجوؤں اور عام شہریوں میں فرق نہیں کیا گیا ہے۔ اس دستاویز کے پہلے 14 صفحات ایک سال سے کم عمر کے 710 بچوں کے بارے میں ہیں۔ مجموعی طور پر 18 سال سے کم عمر کے 11,355 بچے اور نوعمر افراد اس فہرست کا حصہ ہیں، جب کہ ہلاک ہونے والوں میں عمر رسیدہ افراد  100 اور 101 سال کی عمر کے دو مرد بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کے غزہ پر تازہ حملے

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ آج پیر 16 ستمبر کو غزہ پٹی میں  اسرائیلی فضائی حملوں  میں پانچ خواتین اور چار بچوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسرائیل میزائلوں سے اپنا دفاع کیسے کرتا ہے؟

02:07

This browser does not support the video element.

پہلے حملے میں وسطی غزہ میں موجود نصرت ریفیوجی کیمپ میں واقع ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 10افراد مارے گئے۔ عودہ ہسپتال نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور یہ بھی کہا کہ مزید 13 افراد زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں ایک ماں، اس کا بچہ اور اس کے پانچ بہن بھائی شامل ہیں۔

حماس کے زیر انتظام کام کرنے والے شہری دفاعی ادارے کے مطابق غزہ سٹی میں ایک گھر پر کیے گئے ایک اور حملے میں مزید چھ افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک عورت اور دو بچے شامل ہیں۔

غزہ میں جاری پولیو مہم

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین  کے مطابق غزہ میں پولیو مہم کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے اور انہوں نے جنگ زدہ علاقے میں موجود نوے فیصد بچوں کو پولیو کی پہلی خوراک دے دی ہے۔

پولیو مہم میں تقریباﹰ چھ لاکھ چالیس ہزار بچوں کو پولیو کی خوراک دینے کی کوششتصویر: Hani Alshaer/Anadolu/picture alliance

یو این آر ڈبلیو اے تنظیم کے سربراہ فلیپ لازارینی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں نے پولیو مہم کو آگے بڑھنے کی اجازت دینے کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی بنیادوں پر وقفہ قائم رکھا ہے۔ ان کے بقول، ''ویکسینیشن مہم نے ظاہر کیا کہ جب سیاسی ارادہ ہو تو بغیر کسی رکاوٹ کے امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔‘‘

UNRWA غزہ کی ساحلی پٹی میں انسانی امداد فراہم کرنے والا اقوام متحدہ کا اہم ادارہ ہے۔ ہیلتھ ورکرز اس ماہ کے آخر میں پولیو ویکسین کی دوسری خوراک دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ مہم  غزہ میں 25 سالوں میں پولیو کے پہلے کیس کی نشاندہی کے بعد شروع کی گئی تھی۔ اس مہم میں 10 سال سے کم عمر کے تقریباﹰ چھ لاکھ چالیس ہزار بچوں کو پولیو کی خوراک  دینے کی کوشش کی گئی تھی۔

اسرائیل-حماس جنگ کا ایک سال

غزہ میں جاری اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ کو آئندہ ماہ ایک برس مکمل ہوجائے گا۔ اس جنگ کا آغاز  پچھلے سال سات اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس اور دیگر شدت پسندوں کے اسرائیل پر سرحد پار حملوں سے ہوا تھا۔ اس واقعے کے دوران اسرائیل میں تقریباً 1200 افراد مارے گئے اور  250 یرغمالیوں  کو غزہ لے جایا گیا تھا۔

غزہ کی 23 لاکھ آبادی کا تقریباً 90 فیصد بے گھر تصویر: Jehad Alshrafi/AP/picture alliance

ان حملوں کے جواب میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے دوران نے زیادہ تر شہریوں کی ہلاکتوں اور غزہ میں تباہ کن انسانی صورتحال پیدا ہوئی جس کی وجہ سے اسرائیل پر بہت زیادہ بین الاقوامی تنقید بھی کی جاتی ہے۔ اس جنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور غزہ کی 23 لاکھ آبادی کا تقریباً 90 فیصد حصہ بے گھر ہو گیا ہے۔

غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس تنازعے میں اب تک 41,200 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے غزہ پٹی میں 17 ہزار سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ واضح رہے کہ ان اعداد و شمار کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

ع آ / ا ب ا، ش ر (اے پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں