1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

حماس نے 34 یرغمالیوں کے بارے میں تفصیلات نہیں دیں، اسرائیل

6 جنوری 2025

اسرائیل نے پیر کے روز کہا کہ حماس نے ابھی تک ان 34 یرغمالیوں کی صورتحال کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، جن کے بارے میں حماس نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے میں ان کی واپسی کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق اسرائیل کو حماس کی جانب سے ان 34 اسرائیلی یرغمالیوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کوئی تصدیق یا تبصرہ موصول نہیں ہوا، جن کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔تصویر: Uncredited/Israeli Government Press Office/AP/dpa/picture alliance

قطر، مصر اور امریکہ کئی ماہ سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے پر پہنچنے کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن دونوں متحارب فریق ایک دوسرے پر مذاکرات ناکام بنانے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

مغربی کنارے میں فائرنگ، تین اسرائیلی ہلاک

غزہ میں اسرائیلی بمباری، کم از کم تیس افراد ہلاک

حالیہ دنوں میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثوں نے بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو حماس کی جانب سے ان 34 اسرائیلی یرغمالیوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کوئی تصدیق یا تبصرہ موصول نہیں ہوا، جن کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا، ''یرغمالیوں کی فہرست ... حماس کی جانب سے اسرائیل کو فراہم نہیں کی گئی بلکہ اصل میں اسرائیل نے یہ فہرست جولائی 2024 میں ثالثوں کو دی تھی۔‘‘

حالیہ دنوں میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثوں نے بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔تصویر: Jim Hollander/Matrix Images/picture alliance

اتوار پانچ جنوری کو رات گئے حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ حماس نے فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے کے طور پر اسرائیل کی جانب سے پیش کردہ فہرست میں سے 34 یرغمالیوں کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حماس کے اس عہدیدار نے کہا کہ ابتدائی تبادلے میں تمام خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شامل کیا جائے گا جو اب بھی غزہ میں ہیں۔ لیکن حماس کو ان کی حالت کا تعین کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے 34 یرغمالیوں کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے چاہے وہ زندہ ہوں یا مردہ، تاہم اس گروپ کو اغوا کاروں سے بات چیت کرنے اور زندہ اور مرنے والوں کی شناخت کے لیے ایک ہفتے کے وقفے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کے دوران، جس نے غزہ کی جنگ کا آغاز کیا تھا، فلسطینی عسکریت پسندوں نے 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا، جن میں سے 96 اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے 34 ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی مہم چلانے والے گروپ ''ہوسٹیجز اینڈ مسنگ فیملیز فورم‘‘ نے پیر کے روز یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک 'جامع معاہدے‘ کا مطالبہ کیا ہے۔تصویر: JACK GUEZ/AFP

اسرائیلی مہم چلانے والے گروپ ''ہوسٹیجز اینڈ مسنگ فیملیز فورم‘‘ نے پیر کے روز یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک 'جامع معاہدے‘ کا مطالبہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے، ''ہم جانتے ہیں کہ نصف سے زیادہ افراد اب بھی زندہ ہیں اور انہیں فوری بحالی کی ضرورت ہے جبکہ قتل ہونے والے افراد (کی لاشوں) کو مناسب تدفین کے لیے واپس بھیجا جانا چاہیے۔‘‘

خیال رہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد نومبر 2023 میں صرف ایک بار جنگ بندی ہوئی تھی، جس میں اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے 240 فلسطینیوں کے بدلے 80 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

دوحہ میں مذاکرات کے تازہ دور کے بارے میں نہ تو اسرائیل اور نہ ہی حماس نے  کوئی ٹھوس تفصیلات فراہم کی ہیں، لیکن ہفتے کے روز اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک یرغمالی کے رشتہ داروں کو بتایا تھا کہ مذاکرات جاری ہیں۔

پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پا جائے گا لیکن ممکنہ طور پر 20 جنوری کو امریکی صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے کے بعد۔

غزہ کی وزارت صحت نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں مزید 49 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد غزہ کی جنگ میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 45 ہزار 854 ہوگئی ہے۔تصویر: Saeed Jaras/Middle East Images/IMAGO

اسرائیل کے بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والے اخبار ہارٹز نے پیر کے روز خبر دی کہ حماس کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں اور اسرائیلی فیصلہ ساز پرامید ہیں کہ اگلے چند دنوں میں معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

کچھ اسرائیلی نیوز ویب سائٹس نے خبر دی ہے کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ پیر کے روز دوحہ میں مذاکرات میں شامل ہو رہے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 49 ہلاکتیں

ادھر حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں مزید 49 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد غزہ کی جنگمیں اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 45 ہزار 854 ہوگئی ہے۔

اس وزارت کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ تقریباﹰ 15 ماہ سے جاری اس جنگ میں کم از کم 109,139 افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

ا ب ا/ا ا، م م (اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں