حماس کے ساتھ مستقل جنگ بندی، اسرائیلی وزیر خارجہ مصر میں
30 مئی 2021اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکینازی نے آج مصری دارالحکومت قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامع شُکری کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں حماس کے ساتھ 'مستقل جنگ بندی‘ کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
گابی اشکینازی نے اپنے اس دورے کے حوالے سے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا، ''13 برس کے دوران میں کسی اسرائیلی وزیر خارجہ کا پہلا باقاعدہ دورہ مصر‘‘۔ اپنے اس پیغام میں انہوں نےمزید لکھا، ''ہم حماس کے ساتھ مستقل جنگ بندی پر بات کریں گے، ساتھ ہی ہم غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد مہیا کرنے کے طریقہ کار اور غزہ کی تعمیر نو کے معاملے پر بھی بات کریں گے جس میں بین الاقوامی برادری کا مرکزی کردار ہو گا۔‘‘
مصری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ ملاقات ''قیام امن اور غزہ میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے مصر کی مسلسل اور سخت کوششوں کا حصہ ہے‘‘۔
فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں حکمران حماس اور اسرائیل کے مابین رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی گیارہ روزہ جنگ کے بعد ہونے والی جنگ بندی میں مصر نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ 21 مئی کو طے پانے والی اس عبوری جنگ بندی کے بعد سے اس پر عملدرآمد ابھی تک جاری ہے۔
اس 11 روزہ جنگ میں غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 254 فلسطینی مارے گئے۔ غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں 66 بچے بھی شامل تھے۔ دوسری طرف غزہ سے فائر کیے جانے والے راکٹس اور دیگر حملوں میں 12 اسرائیلی ہلاک ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ا ب ا / ع ب (ڈی پی اے، اے ایف پی)