1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ مارے گئے، کاٹز

کشور مصطفیٰ ڈی پی اے، اے ایف پی کے ساتھ
31 اگست 2025

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ غزہ شہر کے علاقے رمل میں ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز
اسرائیلی حملے کا نشانہ ایک رہائشی عمارت تھی جہاں ابو عبیدہ موجود تھےتصویر: Menahem Kahana/AFP/Getty Images

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اتوار کو  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس امر کی تصدیق کی کہ حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ غزہ شہر کے علاقے رمل میں ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) اور داخلی انٹیلیجنس ایجنسی شین بیت کی مشترکہ کارروائی تھی، جس میں جدید انٹیلیجنس اور درست نشانہ بنانے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔

بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی حملے

02:31

This browser does not support the video element.

حملے کی تفصیلات

حملہ 30 اگست 2025 کو مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 کے قریب ہوا۔

نشانہ ایک رہائشی عمارت تھی جہاں ابو عبیدہ موجود تھے۔

حملے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے، جن میں عام شہری بھی شامل تھے۔

رمل میں مذکورہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، اور زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔

ابو عبیدہ حماس کے عسکری ونگ کے طویل عرصے سے ترجمان رہے ہیںتصویر: Abed Rahim Khatib/ZUMA/IMAGO

نیتن یاہو کا بیان

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز  کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ   کی موت کی تصدیق سامنے آنے سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ابو عبیدہ کی اصل حالت ابھی تک واضح نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم نیتن یاہو  کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ''ہم نے حماس کے ترجمان، ایک دہشت گرد تنظیم کے ترجمان اور برائی کے نمائندے، ابو عبیدہ کو نشانہ

 بنایا۔‘‘

ایک حکومتی اجلاس سے قبل نیتن یاہو  نے مزید کہا، ''ابھی تک ہمارے پاس کوئی حتمی نتیجہ نہیں ہے۔ اگرچہ مجھے امید ہے کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہے، میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حماس کی جانب سے اس حوالے سے  کسی قسم کی رپورٹننگ کے لیے حماس کا کوئی ترجمان موجود  نہیں ہے۔‘‘

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ابو عبیدہ صرف ترجمان نہیں بلکہ حماس کی قیادت میں ایک اہم فیصلہ ساز تھے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ابو عبیدہ صرف ترجمان نہیں بلکہ حماس کی قیادت میں ایک اہم فیصلہ ساز تھےتصویر: RONALDO SCHEMIDT/AFP/Getty Images

فلسطینی ردعمل

حماس نے ابھی تک ابو عبیدہ کی موت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔

کچھ فلسطینی ذرائع، اس حملے کو ''نفسیاتی جنگ‘‘ قرار دے رہے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ ابو عبیدہ زندہ ہیں، کیونکہ ان کا آخری بیان 29 اگست کو جاری ہوا تھا۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی افواج کے جوابی حملے

02:01

This browser does not support the video element.

اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اس حملے کا اعلان کیا تھا۔

حماس کے ذرائع نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ابو عبیدہ کی موت کی افواہیں نہ پھیلائیں۔

ابو عبیدہ حماس کے عسکری ونگ کے طویل عرصے سے ترجمان رہے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں ہفتے کے روز اور اتوار کی صبح تک 43 فلسطینی ہلاک ہوئے تصویر: Stringer/AFP

غزہ میں مزید ہلاکتیں

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، ہفتے کے روز اور اتوار کی صبح  تک 43 فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں سے کئی افراد امداد لینے کی کوشش کے دوران  مارے گئے۔ غزہ سٹی میں

غذائی قلت اور بار بار نقل مکانی کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔

سات اکتوبر 2023ء کو فسلطینی عسکریت پسندوں کی طرف سے اسرائیل کے اندر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگی مہم کے نتیجے میں فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد، غزہ کے طبی حکام کے مطابق اب 63 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ادارت: افسر اعوان/ عدنان اسحاق

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں