1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حوثیوں کا بحیرہ احمر میں پہلا جان لیوا حملہ، تین افراد ہلاک

7 مارچ 2024

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں بدھ کے روز حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں ایک مال بردار جہاز کے عملے کے تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

نومبر سے اب تک حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے تقریباً 60 حملے کیے ہیں
نومبر سے اب تک حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے تقریباً 60 حملے کیے ہیںتصویر: Indian Navy/AP/dpa/picture alliance

امریکی فوج کے وسطی کمان (سینٹ کوم) نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے بحیرہ احمر کے خلیج عدن کے علاقے میں کیے گئے تازہ حملے میں کثیر قومی بحری جہاز کے عملے کے تین ارکان ہلاک اور کم از کم چار زخمی ہو گئے۔ جب کہ اس حملے کے نتیجے میں مال بردارجہاز کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

حوثی باغی پچھلے کئی ماہ سے بحیرہ احمر کے تجارتی راستے پر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن بدھ کے روز کیا جانے والا حملہ غالباً ایسا پہلا حملہ ہے، جس میں انسانی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ بدھ کے روز بھی حوثیوں کے میزائل حملے سے دو جہازوں کو نقصان پہنچا تھا۔

حوثیوں نے مال بردارجہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ حملہ یمن کی بندرگان عدن سے پچاس سمندری میل کے فاصلے پر کیا گیا ہے۔

یمنی حوثیوں کے ٹھکانوں پر امریکہ اور برطانیہ کےحملوں کی نئی لہر

حوثی فوج کے ترجمان یحیٰی ساری نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "ٹرو کنفیڈینس کے عملے نے جب حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے انتباہی پیغامات کومسترد کر دیا تو اسے کئی میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا۔"

امریکی دفتر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن حوثیوں کا جواب دینے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گاتصویر: AS1 Jake Green/AP Photo/picture alliance

اس حملے کے بارے میں ہمیں اور کیا معلوم ہے؟

سینٹ کوم نے اپنے بیان میں کہا، "بارباڈوس کے جھنڈے اور لائبریریائی ملکیت والے ٹرو کنفیڈینس جہاز پر جہاز شکن میزائل سے حملہ کیا گیا، جس کی وجہ سے عملے کے تین افراد ہلاک ہوگئے جب کہ چار دیگر زخمی ہوئے ہیں، ان میں تین کی حالت نازک ہے اور جہاز کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔"

بیان میں مزید کہا گیا ہے، "عملے نے جہاز کو چھوڑ دیا جب کہ اتحادی فورسز کے جنگی جہازوں نے جوابی کارروائی کی اورحالات کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چند روز کے دوران حوثیوں کی جانب سے جہاز شکن بیلسٹک میزائیل حملوں کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔

امریکی قیادت والے اتحاد نے بحیرہ احمر کے حملوں پر حوثی باغیوں خبردار کیا

سینٹ کوم کے بیان کے مطابق "حوثیوں کے ان غیر ذمہ دارانہ حملوں نے عالمی تجارت کو متاثر کیا ہے اورسمندری سفر کرنے والوں کی زندگیاں لے لیں۔"

امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس بارے میں کہا "واشنگٹن حوثیوں کا جواب دینے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔'' انہوں نے البتہ اس متعین سوال کہ کیا بحیرہ احمرکے تازہ واقعے کے بعد امریکی جوابی حملوں کانیا سلسلہ شروع ہو گا؟ کا جواب نہیں دیا۔

امریکہ کے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر نئے حملے

صنعاء میں برطانوی سفارت خانے نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 'یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے مگر حوثی حملے کے بعد اس سے بچا نہیں جا سکتا تھا۔ کیونکہ حوثی بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔ انہیں یہ حملے لازماً روکنے چاہییں۔'

حوثی فوج کے ترجمان یحیٰی ساری نے کہا کہ ٹرو کنفیڈینس کے عملے نے جب حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے انتباہی پیغامات کومسترد کر دیا تو اسے میزائلوں کا نشانہ بنایا گیاتصویر: XinHua /dpa/picture alliance

حوثیوں کی طرف سے حملوں کا سلسلہ جاری

ایرانی حمایت یافتہ حوثی نومبر کے وسط سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کر رہے ہیں۔

انہوں نے اسرائیلی، برطانوی اور امریکی جہازوں کو نیز اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنانے کا عزم کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

حوثیوں نے بدھ کے روز خلیج عدن کی طرف دو جہاز شکن بیلسٹک میزائل داغے جن میں لائبیریا کا جھنڈا لہرانے والے سوئس ملکیتی کنٹینر جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی باغیوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک میزائل جہاز سے ٹکرایا اور اس سے نقصان پہنچا۔ لیکن ابتدائی رپورٹس میں عملے کے ارکان کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

بحیرہ احمر میں تین بحری جہاز غرقاب، متعدد حوثی باغی ہلاک

چار روز قبل بھی حوثیوں نے بلیز کے جھنڈے والے ایک جہاز پر حملہ کیا تھا جو پانی میں ڈوب گیا۔ اس پر اکیس ہزار میٹرک ٹن امونیم سلیفٹ کھاد لدا ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق19 نومبر سے اب تک حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے تقریباً 60 حملے کیے ہیں۔

دریں اثنا اقوام متحدہ نے حوثیوں سے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہازوں پر حملوں کو فوراً بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ ان حملوں کی وجہ سے،"اثاثوں، زندگی اور خطے کی ماحولیات کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔"

ایران کا مشرق وسطیٰ کے بحران میں کلیدی کردار

03:15

This browser does not support the video element.

ج ا/  زص ز (اے ایف پی،روئٹرز، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں