1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

حوثی باغیوں کے حملوں سے بحیرہ احمر میں جہازوں کے لیے مشکلات

19 دسمبر 2023

جہازوں پر حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد تیل کی بڑی کمپنی بی پی نے بحیرہ احمر کے راستے سے تیل کی تمام ترسیل روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر امریکہ نے جہازوں کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی بحری آپریشن کی قیادت کا اعلان کیا ہے۔

بحیرہ احمر میں اسرائیلی بحری جہاز
بحیرہ احمر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے ساتھ ہی اشیائے صرف کے لیے دنیا کے اہم ترین راستوں میں سے ایک ہےتصویر: Israel Defense Forces/Anadolu/picture alliance

یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حالیہ حملوں کے بعد تیل کی بڑی عالمی کمپنی بی پی نے بحیرہ احمر کے راستے سے تیل کی تمام ترسیلات کو روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر حملے جاری رہنے کے سبب کئی مال بردار کمپنیوں نے بھی بحری سفر معطل کر دیا ہے۔

یمن: حوثی باغیوں کا ناروے کے پرچم والے جہاز پر کروز حملہ

برٹش پیٹرولیم (بی پی) نے اپنے فیصلے کے لیے خطے میں ''سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال'' کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی بحیرہ احمر میں ان جہازوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں، جو ان کے خیال میں اسرائیل کے لیے سامان لے جا رہے ہوں۔

حوثی باغیوں کا بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملہ

بی پی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ''احتیاطی توقف کو جاری رکھنے کے ساتھ ہی صورت حال کا جائزہ لیتی رہے گی اور خطے کی نگرانی کرے گی۔

حوثی باغیوں کا بحری جہاز پر قبضہ: ’الزامات غلط ہیں،‘ ایران

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دیگر بڑی آئل کمپنیوں نے بھی بی پی کی پیروی کی تو اس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ پیر کے روز بھی تیل کی قیمتیں معمول سے کچھ زیادہ تھیں اور تقریباً 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں۔

کیا یمن کے حوثی مشرق وسطی کے لیے ایک نیا خطرہ ہو سکتے ہیں؟

بحیرہ احمر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے ساتھ ہی اشیائے صرف کے لیے دنیا کے اہم ترین راستوں میں سے ایک ہے۔

بی پی کے اعلان کے بعد امریکہ نے کہا ہے کہ وہ راستے میں بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک بین الاقوامی بحری آپریشن کی قیادت کرے گاتصویر: .S. Navy photo/abaca/picture alliance

 حوثی باغیوں نے حماس کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔ وہ ایسے جہازوں کے خلاف ڈرون اور راکٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔

امریکہ کا باغیوں کے خلاف آپریشن کا اعلان

ادھر بی پی کے اعلان کے بعد امریکہ نے کہا ہے کہ وہ راستے میں بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک بین الاقوامی بحری آپریشن کی قیادت کرے گا۔ اس آپریشن میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، بحرین، ناروے اور اسپین جیسے ممالک نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا: ''یمن سے شروع ہونے والے لاپرواہ حوثی حملوں میں حالیہ اضافہ تجارت کے آزادانہ بہاؤ کو خطرے میں ڈال رہا ہے، اسے بے گناہ سمندری جہازوں کو خطرہ لاحق ہے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بھی ہوتی ہے۔''

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ یورپ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں درآمد کی جانے والی تقریباً 15 فیصد اشیا ایشیا اور خلیج سے سمندر کے راستے سے بھیجی جاتی ہیں۔ اس میں 21.5 فیصد ریفائنڈ تیل اور 13 فیصد سے زیادہ خام تیل شامل ہے۔

پیر کے روز دنیا کی سب سے بڑی شپنگ فرموں میں سے ایک ایورگرین لائن نے کہا کہ وہ اب بحیرہ احمر کے راستے سے اسرائیل کے لیے سامان نہیں لے جائے گی۔

اس کا کہنا ہے: '' بحری جہازوں اور عملے کی حفاظت کے لیے ایورگرین لائن نے فوری طور پر اسرائیلی کارگو کو قبول کرنے سے عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے کنٹینر جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بحیرہ احمر کے ذریعے اگلے نوٹس تک سفر معطل کر دیں۔''

واضح رہے کہ حوثی باغی آبنائے باب المندب سے گزرنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو کہ 20 میل یعنی تقریبا 32 کلومیٹر چوڑی بحری گزرگاہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق آبنائے باب المندب کو استعمال نہ کرنے سے بحری جہازوں کو اب جنوبی افریقہ ہوتے ہوئے ایک طویل راستہ  اختیار کرنا پڑے گا، جس میں ممکنہ طور پر تقریباً 10 دن کا اضافی وقت لگ سکتا ہے اور اس پر لاکھوں ڈالر لاگت آئے گی۔

ص ز/ ج ا (نیوز ایجنسیاں)

ايرانی حمايت يافتہ جنگجو تنظيمیں اور ملیشیا گروپ

01:24

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں