1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خاتون آہن‘ مارگریٹ تھیچر انتقال کر گئیں

Afsar Awan8 اپریل 2013

برطانیہ کی سابق وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر آج پیر آٹھ اپریل کو 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق تھیچر کی انتقال اسٹروک کے باعث ہوا۔

تصویر: Getty Images

مارگریٹ تھیچر کے ترجمان ٹموتھی بیل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’’انتہائی دکھ کے ساتھ مارک اور کارول تھیچر اعلان کرتے ہیں کہ ان کی والدہ بارونیس تھیچر اسٹروک کے بعد آج صبح پُرسکون طریقے سے انتقال کر گئی ہیں۔‘‘

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون مارگریٹ تھیچر کے انتقال کے بعد اپنا اسپین کا دورہ مختصر کرکے اور فرانس کا دورہ معطل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیمرون کا کہنا تھا، ’’ انتہائی دکھ کے ساتھ لیڈی تھیچر کے انتقال کی خبر سنی گئی۔ ہم نے ایک عظیم لیڈر، عظیم وزیراعظم اور ایک عظیم برطانوی شخصیت کو کھو دیا۔‘‘ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم کی طرف سے بھی تھیچر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

ماسکو کی طرف سے سرد جنگ کے زمانے میں سابق کنزرویٹیو لیڈر مارگریٹ تھیچر کو ’آئرن لیڈی‘ یعنی خاتون آہن کا نام دیا گیا تھاتصویر: Keystone/Getty Images

ماسکو کی طرف سے سرد جنگ کے زمانے میں سابق کنزرویٹیو لیڈر مارگریٹ تھیچر کو ’آئرن لیڈی‘ یعنی خاتون آہن کا نام دیا گیا تھا۔ انہوں نے 1979ء میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئیں۔ انہوں نے متواتر تین انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور 1990ء میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

مارگریٹ تھیچر کے بعد وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والے کنزرویٹیو رہنما جان میجر نے سابق برطانوی وزیراعظم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’قدرت کی اصل طاقت‘ اور ’سیاسی مظہر‘ قرار دیا ہے۔ جان میجر کے مطابق، ’’معاشی حوالے سے ان کی اصلاحات، ٹریڈ یونین کے قوانین اور فالکلینڈ جزائر کی واپسی کے حوالے سے ان کے اقدامات انہیں عام سیاستدانوں سے کہیں اوپر لے گئے۔‘‘

تھیچر نے ملک میں بڑے پیمانے پر پرائیویٹائزیشن کے علاوہ 1982ء میں فالکلینڈ جزائر کی واپسی کے لیے ارجنٹائن کے ساتھ جنگ بھی کی۔

مارگریٹ تھیچر 2003ء میں اپنے شوہر ڈینس کی وفات کے بعد سے شدید غمزدہ رہتی تھیںتصویر: Fox Photos/Hulton Archive/Getty Images

مارگریٹ تھیچر کو 2002ء کے بعد سے کئی مرتبہ دل کے چھوٹے اسٹروک ہو چکے تھے۔ وہ 2003ء میں اپنے شوہر ڈینس کی وفات کے بعد سے شدید غمزدہ رہتی تھیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے مختلف افواہیں بھی پھیلتی رہیں اور 2011ء میں ان کی زندگی پر بننے والے ایک فلم میں انہیں ڈیمنشیا کا مریض بھی قرار دیا گیا۔

یورپین کمیشن کے صدر یوزے مانویل باروسو کی طرف سے تھیچر کے انتقال کے حوالے سے کہا گیا ہے، ’’وہ اپنے اقدامات اور ہمارے مشترکہ پراجیکٹس میں اپنے کردار کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔‘‘

aba/zb (dpa)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں