1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خدا انتہائی برے انسان سے بھی محبت کرتا ہے، پوپ فرانسس

25 دسمبر 2019

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کرسمس کے موقع پر اپنے روایتی پیغام میں کہا ہے کہ خدا سب انسانوں سے محبت کرتا ہے، خواہ کوئی شخص کتنا ہی برا کیوں نہ ہو۔

Italien Religion l Weihnachtsmesse - Christmette im Vatikan
تصویر: AFP/A. Pizzoli

پوپ فرانسس کا یہ بیان اس لحاظ سے کافی اہم ہے کہ حالیہ عرصے میں چرچ سے متعلق کئی اسکینڈلز سامنے آئے ہیں جن میں جنسی زیادتیوں کے الزامات بھی شامل ہیں۔ پوپ نے اپنی تقریر میں تاہم ایسے واقعات کا براہ راست کوئی ذکر نہیں کیا۔

دنیا میں مقیم 1.3بلین رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پو پ فرانسس کرسمس سے قبل منگل کی رات کو ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں منعقد ہونے والی روایتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں افراد موجود تھے جب کہ لوگوں کی سہولت کے لیے چرچ کے باہر بڑے اسکرین بھی لگائے گئے تھے۔

پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں کہا، ”کرسمس ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ خواہ ہم کتنے بھی برے ہوں، لیکن پھر بھی خدا ہم سب سے محبت کرتا ہے۔"

جنسی زیادتیوں کی تفتیش خفیہ نہیں رکھی جائے گی، پوپ

رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی رہنما نے مزید کہا، ”ہو سکتا ہے کہ آپ کے خیالات میں غلطی ہو، ہو سکتا ہے کہ آپ نے معاملات کو بالکل خراب کر دیا ہو، لیکن خدا پھر بھی آپ سے محبت کرتا رہا ہے۔ آپ کئی بار سوچتے ہوں گے کہ اگر ہم اچھا کام کریں گے تو خدا بھی ہمارے ساتھ اچھا کرے گا اور اگر ہم برا کام کریں گے تو خدا ہمیں سز ا دے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ وہ آپ سے ہمیشہ محبت کرتا ہے۔"

بون کی کرسمس مارکیٹ اور کمشیری شالیں

01:56

This browser does not support the video element.

ماضی میں دنیا بھر میں پادریوں کے جنسی زیادتی کا مرتک ہونے کی ہزاروں رپورٹیں سامنے آتی رہی ہیں، چرچ پر یہ الزامات بھی ہیں کہ اعلٰی مذہبی پیشواؤں کی جانب سے ان واقعات پر پردہ ڈالا گیا۔

پوپ فرانسس نے گزشتہ ہفتے کیتھولک چرچ کی معلومات خفیہ رکھنے سے متعلق ان قواعد کو ختم کرتے ہوئے کئی اہم تبدیلیاں متعارف کرائیں، جن قوانین کی وجہ سے مسیحی مذہبی پیشواؤں کی طرف سے بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعات سامنے نہیں آتے تھے۔

نئی اصلاحات کے بعد اب پولیس کے لیے مذہبی پیشواؤں کے خلاف جرائم کی تفتیش کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔ ویٹیکن کو مالی بدعنوانیوں کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پوپ نے ویٹیکن میں مالی بدعنوانیوں کو تسلیم کر لیا

کیتھولک مسیحیوں کے 266ویں روحانی پیشوا نے اپنے خطاب میں مزید کہا، ”آئیے ہم بچوں کے بارے میں غور کریں اور خود کو ان کی محبت میں فنا کردیں۔ اس کے بعد ہمیں یہ شکایت نہیں رہے گی کہ وہ ہم سے محبت نہیں کرتے ہیں۔"

83 سالہ پوپ فرانسس کا کہنا تھا، ”مت سوچیں کہ انسانیت سے محبت وقت کا ضیاع ہے، ہمت باندھیں، اعتماد مت کھوئیں اور امید کا دامن مت چھوڑیں۔ دوسروں کے لیے تحفہ بنیں، یہ عمل زندگی کو مقصد دیتا ہے۔ دوسروں کی مدد کرنے سے پہلے دوسروں سے احترام نہ چاہیں، ہمسائے سے اچھے برتاؤ کے لیے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں۔"

ج ا /ش ح   (ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں