خراٹوں کا علاج دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس
27 اکتوبر 2015
خراٹے لینے کی بیماری بہت عام ہے تاہم اس کے شکار زیادہ تر افراد خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں۔ انہیں نہیں پتہ ہوتا ہے کہ وہ خراٹوں کا علاج کیسے کریں۔ نیند سے متعلق ایک اور بیماری اکثر لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوتی ہے۔ اُسے ’سلیپنگ ایپنیا‘‘ کہتے ہیں۔ اس میں مبتلا شخص کو دورانِ نیند سانس میں خلل محسوس ہوتا ہے۔ سانس چھوٹے چھوٹے وقفے سے چند سیکنڈز کے لیے رُک جاتی ہے اور پھر ایک چونکا دینے والے عمل کے ساتھ بحال ہوتی ہے اور مریض جھٹکے سے جاگ جاتا ہے۔ اس بیماری اور خراٹوں کا علاج ڈینٹسٹ یا دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس ممکن ہے۔
دانتوں کا ڈاکٹر خراٹے اور سلیپنگ ایپنیا کے مریضوں کا علاج مریض کے نچلے جبڑے کے محراب میں کھپچیوں کی مدد سے ایک آلہ نصب کر کے کرتا ہے۔ تاہم یہ طریقہ علاج ہمیشہ کارآمد ثابت نہیں ہوتا، خاص طور سے ایسے مریضوں کا یہ علاج ممکن نہیں ہوتا جن کے مُنہ میں دانت کافی تعداد میں باقی نہیں رہے ہوتے کیونکہ یہ آلہ اُس وقت نصب کیا جا سکتا ہے جب مریض کے مُنہ کے کسی ایک جبڑے میں کم از کم آٹھ دانت مستقل ہوں جن میں کراؤن دانت یا نوکیلے دانتوں کا ہونا اہم ہے۔
مریض سونے سے پہلے اس آلے کو اوپر اور نیچے کے جبڑے کے درمیان لگا لیتا ہے۔ دوران نیند یہ آلہ نیچے کے جبڑے اور زبان کو اوپر کے جبڑے کی نسبت باہر کی طرف دھکیل کر رکھتا ہے او اس عمل کا مقصد مریض کی سانس کی نالی کے اوپری حصے کے لیے حلق تک کھلا رستہ فراہم کیا جائے تاکہ مریض کھل کر سانس لے سکے۔ اس طرح مریض خراٹے نہیں لیتا۔
مریض کو تاہم ہر رات سونے سے پہلے یہ آلہ اپنے جبڑے کے درمیان نصب کرنا پڑتا ہے اور اس آلے کو ہر رات استعمال سے پہلے دانتوں کے برش سے صاف کرنا پڑتا ہے۔
خراٹوں کا سد باب اس طرح بھی ممکن ہے کہ سونے سے کم از کم تین چار گھنٹے پہلے الکوحل کا استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی نیند کی گولیاں لی جائیں۔ ان دونوں کے استعمال سے جسم کے پٹھے ریلیکس ہو جاتے ہیں اور مریض نیند میں بہت زیادہ خراٹے لینے لگتا ہے۔
خراٹے سے بچنے یا اسے کم کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ کروٹ میں لیٹا جائے۔ پیٹھ کے بل سونے سے خراٹے زیادہ آتے ہیں۔ خراٹے لینے والے اکثر مریض اوور ویٹ یا زائد الوزن ہوتے ہیں۔ اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کو متوازن رکھنے سے بھی خراٹوں میں کمی لانا ممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق عمر کے ساتھ ساتھ 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین خراٹے لینے لگتی ہیں۔