1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلائی مشن کے بعد جاپان میں رہائش، ’خلا باز‘ دھوکے باز نکلا

4 جنوری 2021

خود کو ایک ’روسی خلا باز‘ قرار دینے والے ایک دھوکے باز نے ایک جوان مگر نیک دل جاپانی خاتون سے چھ ملین ین ہتھیا لیے۔ ملزم نے اس خاتون سے کہا تھا کہ وہ اپنے خلائی مشن سے واپسی پر جاپان میں رہائش اختیار کرنا چاہتا تھا۔

Erdkugel mit Südamerika
تصویر: picture-alliance/dpa/NASA

ٹوکیو سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق چھ ملین ین کی یہ رقم تقریباﹰ 48 ہزار یورو کے برابر بنتی ہے۔ جاپانی روزنامے 'ہوکائیڈو شمبون‘ نے آج اپنی پیر چار جنوری کی اشاعت میں لکھا کہ یہ نام نہاد 'خلا باز‘ کوئی خلا باز نہیں بلکہ ایک دھوکے باز تھا، جس کا علم اس خاتون کو تب ہوا جب وہ اسے اپنے جمع کردہ سرمائے میں سے چھ ملین ین بھیج چکی تھی۔

جاپانیوں کی طویل عمر کا راز، گرم پانی سے لمبا غسل

اگلے خلائی مشن  سے واپسی کے بعد جاپان میں رہائش

اخبار کے مطابق اس خاتون کی انٹرنیٹ پر شناسائی ایک ایسے شخص سے ہوئی تھی، جو خود کو ایک 'روسی خلا باز‘ قرار دے رہا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ وہ اپنے اگلے خلائی مشن سے زمین پر واپسی کے بعد جاپان میں رہائش اختیار کرنا چاہتا تھا۔

ساتھ ہی اس ملزم نے اس خاتون سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ اپنے آئندہ خلائی مشن سے پہلے ہی اپنا سامان جاپان بھیج دینا چاہتا ہے اور اگر ہو سکے تو یہ خاتون اس کے سامان کی کارگو کے طور پر روس سے جاپان منتقلی کا بل ادا کر دے۔

کرسمس پر ’کے ایف سی‘ کھانا جاپانیوں کا پسندیدہ مشغلہ

اس جاپانی خاتون نے 'روسی خلا باز‘ کی مدد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کمپنی کے کارکن کے دیے گئے بینک اکاؤنٹ میں چھ ملین ین بھیج دیےتصویر: Getty Images/AFP/Y. Tsuno

ٹوکیو میں 138 سال بعد پہلا، پیدائش کے وقت وزن 120 کلو گرام

ٹرانسپورٹ کمپنی کا کارکن گھر پر آ گیا

اس درخواست کے بعد ایک ایسے جاپانی شخص نے اس خاتون سے اس کے گھر پر رابطہ کیا، جس نے کہا تھا کہ وہ ایک انٹرنیشنل گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کا کارکن ہے اور اس خاتون کو 'روسی خلا باز کے سامان‘ کی مال برداری اور انشورنش کے لیے بل ادا کر دینا چاہیے۔

بظاہر یہ خاتون اتنی سادہ تھی کہ اس نے 'روسی خلا باز‘ کی مدد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کمپنی کے کارکن کے دیے گئے بینک اکاؤنٹ میں چھ ملین ین بھیج دیے، جو تقریباﹰ 48 ہزار یورو کے برابر بنتے تھے۔

جاپان میں نسلی بلیاں شیر سے بھی مہنگی

اس واقعے کے بعد اس جاپانی خاتون کو خود کو 'روسی خلا باز‘ قرار دینے والے دھوکے باز کا کوئی پتا نہ چل سکا اور اسے یقین ہونے لگا کہ اس کے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے۔

تنگ آ کر اس خاتون نے بالآخر اپنے شہر کی مقامی حکومت کو اس جرم کی اطلاع کر دی۔ پولیس مقدمہ درج کرنے کے بعد چھان بین کر رہی ہے تاہم یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی کہ اس خاتون کو اس کی رقم واپس مل سکے گی۔

م م / ا ا (ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں