1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلا میں انسان کا پہلا جرم؟

شاہ زیب جیلانی
24 اگست 2019

زمین کے گرد چھ ماہ تک چکر لگانے کے دوران امریکا کی ایک مایہ ناز خاتون خلاباز نے ایسا کیا کر دیا کہ جو شاید جرم کی تاریخ میں پہلی مثال بن جائے؟

تصویر: picture-alliance/dpa/Zumapress/ESA

جب کہیں جرم سرزد ہوتا ہے تو سب سے پہلے پولیس والے یہ دیکھتے ہیں کہ وہ کس تھانے کی حدود میں ہوا۔ اگر جرم کی نوعیت بین الاقوامی ہو تو یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس ملک کے قوانین لاگو ہوں گے۔ لیکن اگر جرم زمین پر نہیں بلکہ خلا میں کہیں سرزد ہوا ہو تو پھر کیا ہوگا؟

 امریکی خلائی ادارہ ناسا ایسے ہی ایک کیس کی تفتیش کر رہا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ تاریخ کا پہلا جرم ہوگا جو کسی انسان سے خلا میں سرزد ہوا ہو۔

اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی خلاباز این مکلین پر الزام ہے کہ انہوں نے ناسا کے مشن کے دوران خلا سے کمپیوٹر کے ذریعے اپنی سابقہ پارٹنر کے بینک اکاؤنٹ چیک کیے۔ این مکلین پر یہ الزام سمر وارڈن نے لگایا۔ دونوں خواتین چار سال تک آپس میں رشتہ ازدواج ميں منسلک تھیں لیکن پھر سن دو ہزار اٹھارہ میں دونوں کے درمیان اختلافات اس حد تک بڑھ گئے کہ انہوں نے طلاق کا فیصلہ کیا اور علیحدگی اختیار کر لی۔

تصویر: imago images/ITAR-TASS/S. Savostyanov

این مکلین کا شمار امریکی ایئر فورس کی تجربہ کار پائیلٹوں میں ہوتا ہے۔ انہیں سن دو ہزار تیرہ میں ناسا کے خلائی مشن کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

این مکلین کی سابقہ پارٹنر سمر وارڈن امریکی ایئر فورس میں انٹیلیجنس آفیسر ہیں۔ پچھلے ایک سال کے دوران دونوں خواتین کے درميان ان کے ایک بیٹے اور مالی ذمہ داریوں پر قانونی تنازعہ چلتا رہا۔ ایسے میں سمر وارڈن کو شک ہوا کہ عليحدگی کے باوجود ان کی سابقہ پارٹنر کو ان کے مالی معاملات کی تفصیلات کیسے پتہ چل رہی ہيں۔ مثلاً اگر انہوں نے کوئی نئی گاڑی لی تو اُن سے پوچھا جا رہا تھا کہ اس کے لیے پیسے کہاں سے آئے، وغیرہ۔

سمر وارڈن خود چونکہ انٹیلیجنس آفیسر ہيں، اس لیے انہوں نے اس کا کھوج لگانے کی ٹھانی۔ انہوں نے اپنے بینک سے کہا کہ یہ پتہ لگائے کہ حالیہ دنوں میں اُن کا بینک اکاؤنٹ کن مقامات سے لاگ اِن کیا گیا۔ بینک نے چھان بین کے بعد انہیں بتایا کہ ان کا اکاؤنٹ ناسا کے کمپوٹر سسٹم سے لاگ اِن کیا جاتا رہا ہے۔

تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com/NASA

امریکی قوانین کے مطابق بلا اجازت کسی کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنا ایک سنگین جرم ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سمر وارڈن نے مبینہ جرم کی شکایت امریکا کے وفاقی ٹریڈ کمیشن کے پاس جمع کرا دی ہے اور ناسا کے اپنے تفتیش کاروں نے دونوں خواتین سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

اُدھر این مکلین نے تسلیم  کیا ہے کہ انہوں نے خلائی مشن کے دوران اپنی سابقہ پارٹر کے اکاؤنٹ چیک کیے تاہم انہوں نے کوئی غلط کام کرنے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد صرف فیملی کے اخراجات پر نظر رکھنا تھا اور یہ کہ ان کے بچے کی سہی دیکھ بھال ہو رہی تھی یا نہیں۔

لیکن بظاہر اس تنازعے نے این مکلین کے کریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ وہ اس سال چھ ماہ خلا میں قائم انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں گزارنے کے بعد جون میں واپس زمین پر آ گئیں۔ ان کا اگلا ممکنہ اعزاز ناسا کا خواتین پر مشتمل اسپیس واک مشن تھا، جس سے انہیں اب باہر کر دیا گیا ہے۔ ناسا نے اس فیصلے کا بظاہر جواز درست سائز کے خلائی سوٹوں کی عدم دستیابی بتایا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں