1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین پر تشدد کے خلاف بل کی اتنی مخالفت کیوں؟

عبدالستار، اسلام آباد
7 جولائی 2021

پاکستان حکومت کی طرف سے خواتین پر تشدد کے خلاف بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا گیا ہے۔ حقوق نسواں کے کارکنان اور مذہبی قدامت پسند دونوں حلقے ہی اس بل کے حوالے سے ناراض ہیں لیکن حکومت اس فیصلے کا دفاع کرتی نظر آرہی ہے۔

Pakistan Islamabad | Internationaler Frauentag 2019
تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

گھریلو تشدد تدارک اور تحفظ بل قومی اسمبلی سے انیس اپریل کو اور سینیٹ سے جون میں منظور ہوا تھا۔ قدامت پرست مذہبی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ بل انتہائی عجلت میں منظور کیا گیا اور اس کی شقیں خاندانی نظام کو تہس نہس کر دیں گی جب کہ بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ترقی پسندانہ قانون ہے، جو خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔  

 عوامی ورکرز پارٹی کی رہنما اور معروف حقوق نسواں کی کارکن شازیہ خان کا کہنا ہے کہ خواتین کارکنان کو اس بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجے جانے پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''پارلیمنٹ کو قانون بنانے کا حق ہے اور پی ٹی آئی حکومت کو یہ بل اسلامی نظریاتی کونسل بھیجنا نہیں چاہیے تھا۔ اس کا صاف مطلب ہے کہ عمران خان ان مذہبی شخصیات کو خوش کرنا چاہتے، جو خواتین کے حقوق کی دشمن ہیں اور جنہوں نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کی مخالفت کی ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کارکنان کو اس لیے بھی تشویش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے کئی ارکان کا ماضی میں رویہ بہت ہی عورت مخالف رہا ہے، ''اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے ماضی میں کمسن لڑکیوں کی شادی کو جائز قرار دیا اور انہوں نے ہر اس قانون کی مخالفت کی، جو عورتوں کے حق میں تھا تو ایسے میں کس طرح یقین کر لیا جائے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کوئی مثبت فیصلہ دے گی؟‘‘

شہدا فاؤنڈیشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر بل اسی شکل میں قانون بن گیا تو وہ اس کے خلاف عدالت جائیں گےتصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

عوامی نیشنل پارٹی کی سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بشریٰ گوہر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں اسلامی نظریاتی کونسل بالکل غیر متعلقہ ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''پارلیمنٹ کی موجودگی میں اس کونسل کا کوئی جواز نہیں، اس کو ختم کرنا چاہیے اور اس میں خواتین کی نمائندگی بھی نہیں۔ اگر اس بل میں کچھ خامیاں تھیں تو اس کو پارلیمنٹ میں ڈسکس کیا جانا چاہیے تھا لیکن  وزیراعظم کے حکم پر اس کو اسلامی نظریاتی کونسل میں بھیج دیا گیا۔ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے بھی ایسے ہی ایک بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا تھا اور اس میں قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے تھے۔‘‘

فیصلے کا دفاع

پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمد اقبال خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے اور اگر حکومت کو کسی معاملے پر شرعی نقطہ نظر سے مشورہ کرنا ہو تو وہ اسلامی نظریاتی کونسل کو مسئلہ بھیج سکتی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''اس بل کے حوالے سے علمائے اکرام، میں سیاسی مولویوں کی بات نہیں کر رہا، کو کچھ تحفظات ہیں تو ان تحفظات کو دور کرنے کے لئے اس بل کو اسلامی نظریاتی کونسل بھیجا گیا ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے مشورہ لیا جائے۔ اس کا کام ہی ایسے امور میں مشورے دینا ہے تو حکومت یہ آئینی کام کیوں نہ کرے؟ حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتی کہ جس سے یہ تاثر جائے کہ وہ کوئی ایسا قانون بنانا چاہتی ہے، جو قرآن و سنت کے خلاف ہو یا شریعت کے احکامات کے خلاف ہو اور اسلامی نظریاتی کونسل ایسے قوانین کو پرکھنے کا سب سے اعلیٰ ادارہ ہے، اس لیے حکومت نے اس کو وہاں بھیجا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ بل کو اسلامی نظریاتی کونسل میں بھیجے جانے پر شور مچا رہے ہیں وہ اس احتجاج میں حق بجانب نہیں ہیں، ''سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قانون سازی کے معاملات میں اگر کہیں اسلامی امور آتے ہیں، تو حکومت مشورہ کرنے کے لیے کہا ں جائے؟ یقیناﹰ مشورہ کرنے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرنا پڑے گا اور حکومت نے وہی کیا ہے، جو آئین اور قانون کہتا ہے، اس میں احتجاج کرنے کی کوئی بات نہیں۔‘‘

مذہبی حلقوں کی طرف سے بھی بل کی مخالفت

ماضی میں لال مسجد سے وابستہ رہنے والی شہدا فاؤنڈیشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر بل اسی شکل میں قانون بن گیا تو وہ اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔ فاونڈیشن کے ترجمان حافظ احتشام نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''صرف ہم ہی اس پر اعتراض نہیں کر رہے بلکہ پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے بھی اس پر کئی اعتراضات کئے ہیں۔ یہ بل قران و سنت کے خلاف ہے، جو ایک برطانوی قانون کی ہو بہو نقل ہے۔ اس میں دوسری شادی کی بات کو حراسیت کے زمرے میں لایا گیا ہے۔ شوہر کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بیوی کے نجی معاملات یا خلوت میں دخل اندازی نہ کرے۔ ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔‘‘

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں