خواتین کا فٹبال ورلڈ کپ: امریکہ اور سویڈن بھی سیمی فائنل میں
11 جولائی 2011جرمنی میں جاری فٹ بال کے ان عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں اتوار کو دو کوارٹر فائنل کھیلے گئے۔ اس دن کی دوسری فاتح ٹیم سویڈن کی رہی، جس نے آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ امریکہ اور برازیل کے درمیان کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں ایک موقع پر امریکی ٹیم کی شکست یقینی تھی۔ برلن میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری لمحات میں امریکہ کے لیے Abby Wambach نے ہیڈ شاٹ سے گول کر کے مقابلہ دو دو سے برابر کر ڈالا۔ یہ گول میچ ختم ہونے سے محض چند سیکنڈ پہلے کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی ٹیم محض دس کھلاڑیوں سے کھیل رہی تھی کیونکہ امریکی کھلاڑی Rachel Buehler کو فاؤل کرنے پر سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا تھا۔ پنلٹی شوٹ آؤٹ کے دوران برازیل کی ڈایانے نے گول مِس کر کے امریکی جیت کی راہ ہموار کی۔ ڈایانے اس سے قبل میچ کے دوران غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف بھی ایک گول کر چکی تھیں۔
برازیل اور امریکہ کے اس مقابلے میں دونوں ٹیموں کی خواتین فٹ بالرز اپنے جذبات پر مکمل طور پر قابو نہیں کر پا رہی تھیں۔ دونوں ہی ٹیموں نے گول کرنے کے متعدد مواقع بھی گنوائے اور متعدد فاؤل بھی کیے۔ امریکی ٹیم اب بدھ کو سیمی فائنل مقابلے میں فرانس کا سامنا کرے گی۔
اس سے قبل کھیلے گیے ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں سویڈن نے آسٹریلیا کو شکست دی۔ آؤگس برگ میں کھیلے گئے اس میچ میں سویڈن نے پہلے ہی ہاف میں دو گول کر کے آسٹریلیا کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تھا۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے کچھ دیر قبل آسٹریلوی سٹرائیکر Ellyse Perry نے ایک بہترین سٹرائیک کے ذریعے گول کر کے مقابلے میں کچھ جان ڈالی۔ 52 ویں منٹ میں سویڈن کی Lotta Schelin نے آسٹریلوی دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول بھی کر ڈالا اور یوں سویڈن کی سیمی فائنل تک رسائی بھی یقینی ہو گئی۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: مقبول ملک