خواتین کی شمولیت کے بغیر پاکستان کی معاشی ترقی ممکن نہیں
10 مئی 2016پاکستان میں ورلڈ بینک کے نمائندے ایلانگو پچامیتھو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین مجموعی افرادی قوت کا صرف 22 فیصد ہیں۔ ملک کی افرادی قوت میں خواتین کی تعداد کو بڑھا کر پاکستان اپنی سالانہ ترقی کی رفتار کو 7 سے 8 فیصد تک بڑھا سکتا ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب بھی مردوں کی ایک بڑی تعداد خواتین کے کام کرنے کو معیوب سمجھتی ہے۔ سن 2014 میں عالمی اقتصادی فورم کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق یمن کے بعد پاکستان دنیا میں صنفی مساوات کے لحاظ سے دوسرا بد ترین ملک ہے۔
اسلام آباد کی کامسیٹس یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر زینت جبار نے ڈی ڈبلیو سے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’پاکستان کی افرادی قوت میں خواتین کے کل حصے کے درست اعداد و شمار حاصل کرنے کے لیے آج تک کوئی جامع تحقیق نہیں ہوئی ہے خاص طور پر دیہی علاقوں میں جو کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی پر مشتمل ہے۔‘‘ زینت جبار کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر خواتین کو تعلیم فراہم کرنے اور ہنر سکھانے کے لیے پروگرام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
صحافی مریم عثمان نے ڈی ڈبلیو سے اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’ پاکستان میں خواتین آبادی کا 50 فیصد ہیں لیکن اس کے باوجود خواتین کو فیصلہ سازی اور پالیسی مرتب کرنے میں نمایاں پوزیشن نہیں دی جاتی۔‘‘
عالمی بینک کے نمائندے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ثقافتی اور سماجی چینلجز ہیں لیکن اگر خواتین کے پاس کوئی ہنر ہے اور اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آسکتی ہے۔