1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ریوولوشن‘ کردوں کی جدوجہد پر مبنی میوزک ویڈیو

افسر اعوان13 جون 2015

اونچی ہیل والے جوتے، بندوق کی شکل والے بُندے اور کُردوں کے جنگی لباس میں ملبوس ہیلی لوو کی میوزک ویڈیو ریوولوشن دو ہفتوں کے دوران ہی یو ٹیوب پر سات لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/S. Hamed

ہیلی لوو نے اپنی یہ ویڈیو عراقی علاقے الخضر میں فلمائی ہے۔ جس مقام پر یہ ویڈیو فلمائی گئی اسلامک اسٹیٹ کے جنگجو اس سے محض تین کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تھے۔ کُرد جنگجو جنہیں پیشمرگہ کا نام دیا جاتا ہے گزشتہ برس اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے عراق کے ایک تہائی علاقے پر قبضے کے بعد سے اس شدت پسند گروپ کے خلاف نبرد آزما ہیں۔

ہیلی لوو نے اپنا یہ نیا میوزک ویڈیو دراصل اسلامک اسٹیٹ کے خلاف پیشمرگہ کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے لانے اور پیشمرگہ جنگجوؤں کی ہمت بندھانے کے لیے تیار کیا ہے۔ عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل سے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے 26 سالہ ہیلی لوو کا کہنا تھا، ’’میں پیشمرگہ کو کچھ دینا چاہتی تھی کیونکہ میں خود کو انہی میں سے ایک سمجھتی ہوں۔۔۔ میں نے پیشمرگہ کو سپورٹ کرنے کے لیے اس گانے میں کپڑے بھی انہی کے ہی پہنے ہیں۔‘‘

ہیلی لوو کی آن لائن بائیوگرافی کے مطابق وہ 1988ء میں ایران کے علاقے ہیلن عبداللہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے دادا پیشمرگہ کے ساتھ مل کر لڑ تے رہے تھے۔ ان کا خاندان عراق کے سابق حکمران صدام حسین کے دور اقتدار میں وہاں سے نکلنے پر مجبور ہو گیا تھا۔ ہیلی کی زندگی کا زیادہ تر حصہ فِن لینڈ میں گزرا جس کے بعد وہ امریکی شہر لاس اینجلس پہنچیں اور 18 برس کی عمر میں انہوں نے موسیقی کے میدان میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

ہیلی کی یہ تازہ ترین ویڈیو کا آغاز جسے ریوولوشن یعنی انقلاب کا ٹائٹل دیا گیا ہے، میدان جنگ میں موجود ایک پیشمرگہ جنگجو سے شروع ہوتی ہے جو ایک ایسی تصویر کو دیکھ رہا ہوتا ہے جس میں اس کے ساتھ اس کا بیٹا موجود ہے۔ پس منظر میں فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ یہ جنگجو یہ تصویر اپنے ہیلمٹ میں رکھتا ہے اور لڑنے کے لیے چل پڑتا ہے۔

پیشمرگہ نے امید ظاہر کی اس طرح کے نغموں سے پیشمرگہ کے لیے بین الاقوامی برادری کی ہمدردیاں بڑھیں گی اور اسلامک اسٹیٹ کے خاتمے کے لیے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گےتصویر: picture-alliance/AP Photo

منظر بدلتا ہے اور ایک گاؤں کو دکھایا جاتا ہے جہاں لوگ روز مرہ مصروفیات اور گفتگو میں مصروف ہیں کہ دھماکے اور فائرنگ شروع ہو جاتی ہے۔ کالے کپڑوں میں ملبوس عسکریت پسند بکتر بند گاڑیوں اور ایک ٹینک سمیت اس گاؤں میں لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہوتے ہیں۔ بچوں کو روتے چیختے اور لوگوں کو بچ کر بھاگنے کی کوشش میں ہیں کہ اچانک بڑی ایڑی والے سنہری جوتے میں ہیلی لوو کو شدت پسندوں کی طرف بڑھتے دکھایا جاتا ہے۔ سرُخ اور سفید رومال سے چہرہ چھپائے ہیلی لوو ٹینک کے آگے جا کر ٹھہرتی ہیں اور ایک بینر بلند کرتی ہیں جس پر تحریر ہے ’اسٹاپ دی وائلنس‘ یعنی تشدد کو ختم کرو۔

اس ویڈیو میں پیشمرگہ کو بہادر، سیکولر اور اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ملک اور لوگوں کا دفاع کرنے والا دکھایا گیا ہے۔ یہی وہ تمام چیزیں ہیں جو پیشمرگہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف اپنی جدوجہد شروع کرنے کے بعد سے لوگوں کے سامنے لانا چاہتے تھے۔

پیشمرگہ کے ایک افسر نوزاد صالح نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ویڈیو سے نہ صرف پیشمرگہ جنگجوؤں کی ہمت افزائی ہوئی ہے بلکہ دنیا کے سامنے پیشمرگہ کا اصل چہرہ بھی نمایاں کرنے میں مدد ملے گی۔

پیشمرگہ جنگجو عبدالرحمان احمد نے امید ظاہر کی اس طرح کے نغموں سے پیشمرگہ کے لیے بین الاقوامی برادری کی ہمدردیاں بڑھیں گی اور اسلامک اسٹیٹ کے خاتمے کے لیے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں