دبئی ٹیسٹ، بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر
21 نومبر 2014پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے دبئی ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن مہمان ٹیم نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی ٹیم دن کے اختتام تک پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 196 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ اس اننگز میں راس ٹیلر کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔ سابق کپتان ٹیلر نے بارہ چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو ایک مشکل وقت میں سہارا دیا۔ اسی وجہ سے وہ اس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔
ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد اگرچہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات میں ہی تھی لیکن مارک کریگ اور ٹم ساؤتھی نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا۔ دونوں نے بالتریب 34 اور بیس رنز بنائے۔ ساؤتھی نے تین چھکوں کی مدد سے صرف پانچ گیندوں پر ہی بیس رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے پانچ جبکہ ذوالفقار بابر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکیلم نے ایک دلیرانہ فیصلہ لیا اور پاکستان کو 72 اوورز میں یہ میچ جیتنے کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا۔ اوپنر توفیق عمر آغاز میں ہی آؤٹ ہو گئے، جس کی وجہ سے پاکستانی بلے بازوں نے محتاط بلے بازی شروع کر دی۔ نوجوان کھلاڑی شان مسعود اور اظہر علی نے بعد ازاں سنبھل کر کھیلنا شروع کیا لیکن اظہر علی 24 جبکہ شان مسعود چالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب یونس خان وکٹ پر کھیلنے کے لیے آئے تو نیوزی لینڈ کا پلہ بھاری ہو چکا تھا۔
دریں اثناء کپتان مصباح الحق کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے، جس سے پاکستانی ٹیم مزید دباؤ میں آ گئی۔ تاہم یونس خان اور اسد شفیق نے اس وقت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جب پاکستان کے چار کھلاڑی صرف 75 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس دوران یونس خان نے ذمہ دارانہ انداز میں 44 رنز بنائے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے۔ دوسری طرف اسد شفیق نے اپنے مخصوص محتاط انداز میں کھیل جاری رکھا جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ جب دونوں کپتانوں نے قبل از وقت کھیل ختم کرنے پر اتفاق کیا تو اسد 41 اور سرفراز 24 کے ذاتی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 403 کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 393 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 250 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ تین میچوں کی اس سیریز میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ چھبیس نومبر سے شارجہ میں شروع ہو گا۔ پاکستان کو اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔