1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی ٹیسٹ، پاکستان کا پلڑا بھاری

18 جنوری 2012

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں انگلینڈ پر 96 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے288 رنز بنائے ہیں جبکہ اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔

تصویر: AP

دوسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد انگلش بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھا ’کم بیک‘ کیا۔ دوسرے دن کے آخری دو اوورز میں سوان اور اینڈرسن نے بالترتیب مصباح الحق اور عبدالرحمان کو آؤٹ کر دیا۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ایک محتاط اور ذمہ درانہ اننگز کھیلتے ہوئے باون رنز بنائے۔ دبئی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے ختم ہونے پر وکٹ کیپر عدنان اکمل چوبیس کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

محمد حفیظ کی اٹھاسی رنز کی اننگز نے پاکستانی بلے بازی کو سہارا دیاتصویر: APImages

آج پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور توفیق عمر نے جب پہلے دن کے اسکور بیالیس پر اننگز شروع کی تو دونوں بلے بازوں نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور رنز بنانےکی کوئی بھی کوشش رائیگاں نہ جانے دی۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 114 رنز بنائے۔ انگلش بولر اسٹیورٹ براڈ نے توفیق عمر کو اٹھاون کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔ جس کے فوری بعد ون ڈاؤن بلے باز اظہر علی ایک رن بنانے کے بعد براڈ ہی کی ایک عمدہ گیند پر وکٹ کیپرمیٹ پرائر کوکیچ دے بیٹھے۔

بعدازاں یونس خان نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں اڑتالیس رنزجوڑے۔ ٹریملٹ نے محمد حفیظ کا ایک کیچ ڈراپ بھی کیا۔ اس وقت حفیظ باون کے اسکور پر براڈ کی ایک باونسر کو ٹھیک طریقے سے پڑھ نہ سکے اور گیند ان کے بلے کے اوپری حصے کو چھوتی ہوئی ٹریمٹ کی طرف گئی تاہم وہ بھی اسے ٹھیک طریقے جانچ نہ سکے اور گیند زمین پر گر گئی۔ یوں حفیظ کو ایک نئی زندگی ملی گئی ۔ تاہم وہ اس موقع کے باوجود سنچری اسکورکیے بغیر اٹھاسی رنز بنا کر سوان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

انگلش بولر اسٹیورٹ براڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: AP

یونس خان نے37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اسد شفیق سولہ رنزبنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ یونس خان کو جوناتھن ٹروٹ نے آؤٹ کیا جبکہ شفیق اینڈرسن کا نشانہ بنے۔ چائےکے وقفے پر پاکستان کو اکیس رنز کی برتری حاصل تھی جبکہ اس کے پاس چھ وکٹیں موجود تھیں۔ تاہم بلے بازی کے لیے موافق وکٹ پر انگلش بولرز کی کارکردگی کافی اچھی رہی۔ براڈ، اینڈرسن اور سوان نے دو دو جبکہ ٹروٹ نے ایک وکٹ گرائی۔

اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگلش ٹیم 192 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اگرچہ پاکستانی بلے باز انگلینڈ کی پہلی اننگز کے مقابلے میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں تاہم ابھی بھی کھیل کی کمان پاکستان کے ہی ہاتھ میں ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں