دبئی ٹیسٹ، ڈرامائی کھیل لیکن پاکستان نے میدان مار لیا
26 اکتوبر 2015انگلش بلے بازوں کی مزاحمت کی وجہ سے یہ میچ پانچویں دن کے تیسرے سیشن میں داخل ہو گیا جبکہ ایسے خدشات بھی ابھر آئے کہ شائد عادل عثمان رشید اور مارک وُوڈ یہ میچ برابر کر لیں گے۔ تاہم جب ذوالفقار بابر نے وُوڈ کو آؤٹ کر دیا تو پاکستانی ٹیم میں ایک نیا جذبہ ابھر آیا۔ آخری اوورز کے کھیل میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے تمام کھلاڑیوں کو ’لاسٹ مین‘جمی اینڈرسن اور عادل رشید کے سر پر کھڑا کر دیا تھا۔
دبئی ٹیسٹ میچ ختم ہونے میں صرف چھ اوورز ہی باقی رہ گئے تھے کہ یاسر شاہ نے انگلش بلے باز عادل رشید کو آؤٹ کر دیا اور یوں پاکستان یہ میچ جیت گیا۔ انگلش ٹیم 312 رنز بنا سکی۔ اسے یہ میچ جیتنے کے لیے 491 رنز کا ہدف ملا تھا۔ عادل رشید نے ایک انتہائی محتاط اننگز کھیلی اور 61 رنز بنائے۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں جو رُوٹ تھے، جنہوں نے اکہتر رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے چار، ذولفقار بابر نے تین، عمران خان نے دو جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستانی بلے باز یونس خان اور مصباح الحق نے پاکستان کے لیے ایک مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دونوں سنیئر کھلاڑیوں نے دوسری اننگز میں بالتریب 118 اور ستاسی رنز بنائے تھے۔
پہلی اننگز میں چار جبکہ دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کرنے وہاب ریاض کو مین آف دی میچ کا ایوراڈ دیا گیا۔ جیوری کے مطابق تیسرے دن کے آغاز میں ان کا زبردست بولنگ اٹیک اس میچ کا پانسہ بدلنے کا باعث بنا۔ انہوں نے اس ’بولنگ سپل‘ میں تین انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا تھا۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے جبکہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں صرف 242 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستان نے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 354 پر بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے اس تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ ابوظہبی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔ اب تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم نومبر کو شارجہ میں شروع ہو گا۔