دبئی ٹیسٹ، یونس خان نے نو ہزار رنز مکمل کر لیے
24 اکتوبر 2015یونس خان نے دبئی میں جاری انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے تیسرے سیشن میں نو ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ 37 سالہ یونس خان نے اپنے کیریئر کے 103ویں ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جب نو ہزار رنز مکمل کیے، تو دبئی اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے انہیں دل کھول کر داد دی۔
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں 14 ویں نمبر پر آ چکے ہیں۔
دبئی ٹیسٹ میں یونس خان اور مصباح الحق کی محتاط اننگز کی وجہ سے اس میچ میں پاکستان کی پوزیشن بھی مستحکم ہو چکی ہے۔ تیسرے دن کے اختتام پر یونس خان 71 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق 87 رنز پرناٹ آؤٹ ہیں۔ یوں پاکستان کو انگلینڈ پر 358 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں تیس سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریوں کی بدولت نو ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان کی اوسط 54.22 بنتی ہے۔
دنیائے کرکٹ کے کھلاڑیوں اور ناقدین نے انہیں اس سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد کے پیغام بھی ارسال کیے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک صرف دس کھلاڑیوں نے ہی دس ہزار رنز بنانے کا کارنامہ سر انجام دے رکھا ہے۔
اس سیریز سے قبل یونس خان نے اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ ٹیم پر بوجھ نہ بنے تو وہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
یونس خان سے قبل پاکستان کی طرف سے جاوید میاں داد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سابق بھارتی بلے باز سچن تندولکر کو حاصل ہے۔ انہوں نے دو سو ٹیسٹ میچوں میں 53.78 کی اوسط سے پندرہ ہزار نو سو اکیس رنز بنائے تھے۔