1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

واپسی کا خوف، پناہ کی تلاش: افغان لڑکیوں کی بے یقینی

کشور مصطفیٰ اے ایف پی کے ساتھ
23 ستمبر 2025

امریکی صدر کی طرف سے پناہ گزینوں کے امریکہ میں داخلے کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دینے کے فیصلے نے پاکستان میں پھنسے ہوئے ہزاروں افغان باشندوں،خاص طور سے افغان لڑکیوں اور خواتین کو مزید بے یقینی کا شکار کر دیا ہے۔

طورخم بورڈر پر کھڑی ایک افغان بچی
افغان خواتین اور لڑکیوں کے لیے جبری واپسی ایک بھیانک خواب سے کم نہیںتصویر: Ebrahim NorooziAP/picture alliance

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی پناہ گزینوں سے متعلق نئی پالیسی نے اُن 15 ہزار افغانوں کو مزید بے یقینی کا شکار کر دیا ہے جو پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں شامل خواتین اور لڑکیوں کے لیے جبری واپسی ایک بھیانک خواب سے کم نہیں کیونکہ وہ تعلیم و روزگار سے محروم اپنے آبائی وطن کی طرف لوٹنے سے شدید خائف ہیں۔ شہر میں مزید ہزاروں افراد دیگر مغربی ممالک میں منتقلی کے منتظر ہیں، لیکن عالمی سطح پر پناہ گزینوں کے بارے میں پائے جانے والے منفی جذبات میں  منتقلی نے ان کے لیے میزبان ملکوں میں جا کر اپنا مستقبل بہتر بنانے کے امکانات کو  کم کر دیا ہے اور انہیں پاکستان  کی طرف سے دوبارہ ملک بدری کی مہم کے خطرے میں ڈال دیا ہے ، جہاں وہ طویل عرصے سے قیام کیے ہوئے ہیں اور اب ان کے لیے پاکستان میں بھی جگہ تنگ ہو چُکی ہے۔

پاکستان سے افغان مہاجرین کی ملک بدری کا عمل جاری

03:09

This browser does not support the video element.

لڑکیوں اور خواتین کے لیے مستقبل کے امکانات اور زیادہ مشکل اور تباہ کن ہیں، خاص طور سے  دنیا کے اُس واحد ملک میں واپسی جہاں ان پر ان کی تعلیم اور ملازمتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

افغانوں کی مشکلات

طالبان کے 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد، ہزاروں افغان باشندے  مغربی سفارت خانوں میں پناہ گزینی اور مہاجرین کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے ہمسایہ ملک پاکستان پہنچے۔ ان میں سے بہت سے افراد نے امریکی قیادت میں نیٹو افواج یا مغربی این جی اوز کے لیے کام کیا تھا، جبکہ دیگر کارکن، موسیقار یا صحافی تھے۔

پاکستان میں بڑی تعداد میں افغان باشندے مغربی ممالک میں منتقلی کے منتظر ہیںتصویر: Muhammad Sajjad/AP Photo/picture alliance

چار سال گزرنے کے باوجود ہزاروں افراد اب بھی اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں انتظار کر رہے ہیں، اس اُمید پر کہ کوئی سفارت خانہ ان پر توجہ دے گا اور انہیں محفوظ پناہ گاہ فراہم کرے گا۔

حالیہ ہفتوں میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا گیا ہے اور  اے ایف پی نے انٹرویو دینے والوں کی حفاظت کے لیے فرضی نام استعمال کیے ہیں۔ ایک پاکستانی سرکاری اہلکار نے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، ''یہ غیر معینہ مدت کے لیے عبوری کیمپ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر مغربی ممالک حکومت کو یقین دہانی کرائیں کہ وہ ان افغانوں کو آباد کریں گے تو پاکستان ان افراد کو رہنے کی اجازت دے گا۔ انہوں نے مزید کہا، ''متعدد بار ڈیڈ لائنز طے کی گئیں لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔‘‘

تھیلیسیمیا کے مریض افغان بچوں کی زندگی خطرے میں

04:55

This browser does not support the video element.

ایک نوجوان گلوکارہ کی روداد

اپنے پاکستان کے ''محفوظ گھر‘‘ میں، شیمہ اور اس کے اہل خانہ اپنی آوازیں  آہستہ رکھتے ہیں تاکہ ان کے پڑوسی انہیں ان کی مادری زبان بولتے نہ سن لیں۔

لیکن وہ جب چاہے باب ڈیلن کا گانا The Times They Are a-Changing بلند آواز میں گا سکتی ہے اور کوئی اندازہ بھی نہیں لگا سکتا کہ یہ ایک پندرہ سالہ پناہ گزین لڑکی ہے جو چھپ کر رہ رہی ہے۔ اس نے اپنی بہن اور دیگر کم عمر ساتھیوں کے ساتھ اے ایف پی کو بیان دیتے ہوئے کہا، ''کچن میں آواز بہت اچھی آتی ہے۔‘‘

پاکستان کی طرف سے افغانوں کی دوبارہ ملک بدری کی مہم نے افغانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہےتصویر: Fayaz Aziz/REUTERS

اس وقت تک تو شیمہ کو اپنے نئے نیویارک والے گھر میں آواز کی گونج سنانے کا موقع فراہم ہو جانا چاہیے تھا۔ تاہم شیمہ اور اُس کی فیملی رواں سال فروری میں امریکہ کے لیے طے شدہ پرواز سے پہلے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پناہ گزینوں کی آمد کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد سے روانگی کے لیے تیار تقریباً 15,000 وہاں افغان پھنس کر رہ گئے۔

طورخم سرحد پر افغان مہاجرین کی واپسی کی تیاریاں

03:06

This browser does not support the video element.

  نوجوان گلوکارہ پاکستان کیسے پہنچی ؟

شیمہ اور اس کے ساتھی موسیقار اپریل 2022 ء چھپ کر پاکستان آئے تاکہ امریکہ میں پناہ گزینی کے لیے درخواست دے سکیں۔ اس دوران انہیں چار بار رہائش بدلنا پڑی اور وہ مزید چھپنے پر مجبور ہوئے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ''کوارڈینیٹر فار افغان ریلوکیشن ایفرٹس‘‘ سے منسلک ایک سابق اہلکار کے مطابق 2023 ء  میں جب پاکستان نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا  تو امریکی سفارت خانے نے حکومت کو ان افغانوں کی فہرست دی جنہیں گرفتار نہ کیا جائے، مگر یہ تحفظات اب ختم ہو چکے ہیں۔

پاکستان نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہےتصویر: Faridullah Khan/DW

انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے تجزیہ کار ابراہیم باحث کے مطابق، پاکستان کے ان اقدامات کا مقصد طالبان پر دباؤ ڈالنا اور عالمی برادری کو انسداد دہشت گردی کی مہم میں اپنی سنجیدگی  کا یقین دلانا ہے۔

افغان لڑکیاں خوفزدہ

پاکستان میں مقیم افغان لڑکیوں کا ہر دن خوف کے ساتھ گزر رہا ہے کہ کہیں دروازے پر دستک انہیں واپس افغانستان نہ بھیج دے۔

مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سےافغان بستیوں میں لوگوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایات دی جاتی ہیں،  جبکہ پناہ گزینوں کو گھروں، کام کی جگہوں یا سڑکوں سے اٹھایا جا رہا ہے۔

اپنی بے چینی پر قابو پانے کے لیے لڑکیاں روزانہ کی سخت روٹین اپناتی ہیں، فارسی میں گانے کی مشق کرتی ہیں، انگریزی سیکھتی ہیں اور کتابیں پڑھتی ہیں۔

 

ادارت: عاطف توقیر

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں