دفاعی چیمپیئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ سے باہر
25 جون 2010جنوبی افریقہ میں جاری انیسویں عالمی کپ کا پہلا راوٴنڈ حیران کردینے والے نتائج سے بھرپور رہا ہے۔ جمعرات کے روز گروپ ’ای‘ اور گروپ ’ایف‘ میں دو دو میچ کھیلے گئے۔
گروپ ای میں جاپان نے ڈنمارک کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا اور خود ناک آوٴٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر گیا۔ اسی گروپ میں نیدرلینڈس نے کیمرون کو دو ایک سے شکست دی اور اس طرح کیمرون بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ نیدرلینڈس اپنے تینوں میچ جیت کر گروپ ای میں نو پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ جاپان کی ٹیم دو میچ جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
گروپ ایف سے دفاعی چیمپیئن اٹلی اور نیوزی لینڈ باہر ہوگئے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ کی چیمپیئن ٹیم اٹلی اپنا کوئی بھی میچ جیت نہیں سکی۔ نیوزی لینڈ اپنے تینوں میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہا تاہم محض تین پوائنٹس حاصل کرکے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
جمعرات کو سلوویکیا نے اٹلی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا جبکہ پیراگوائے اور نیوزی لینڈ کا میچ صفر صفر کی برابری پر ختم ہوا۔ اس گروپ سے پیراگوائے اور سلوویکیا بالترتیب پانچ اور چار پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اٹلی نے اپنے تین گروپ میچوں میں دو ڈرا کئے اور ایک میں اسے شکست ہوئی اور اس طرح اسے دو پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن نصیب ہوئی۔
دریں اثناء جمعہ کو گروپ ’جی‘ میں پانچ مرتبہ عالمی چیمپیئن برازیل کا مقابلہ پرتگال سے ہو رہا ہے۔ اسی گروپ میں جمعہ کو شمالی کوریا اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ گروپ ’ایچ‘ میں چلی کا مقابلہ سپین سے جبکہ دوسرا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور ہونڈوراس کی ٹیموں کے درمیان ہو رہا ہے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: ندیم گِل