دل میں انتقام کا کوئی احساس نہیں، سُوچی
14 نومبر 201065 سالہ نوبل امن انعام یافتہ سُوچی کو، جنہوں نے گزرے بیس برسوں میں سے پندرہ برس جیل یا نظر بندی میں گزارے ہیں، کل ہفتہ تیرہ نومبر کو رہا کر دیا گیا تھا۔ سُوچی نے کہا کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے وہ تمام متعلقہ افراد کی رائے جاننا چاہتی ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سُوچی نے کہا:’’جو کوئی بھی ملک اور جمہوریت کی بہتری کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے، مَیں اُس سے بات کرنے کے لئے تیار ہوں۔ قومی مفاہمت کا مطلب اِس بات کو جان لینا ہے کہ اختلافات موجود ہیں۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ اُن کے دل میں اُس حکومت کی جانب کوئی انتقامی احساسات نہیں ہیں، جس نے اتنے طویل عرصے تک اُنہیں قید و بند میں رکھا ہے۔ کئی برسوں کے بعد اپنی پہلی عوامی تقریر میں اُنہوں نے اپنے دَس ہزار پُرجوش حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
میانمار میں، جسے برما بھی کہا جاتا ہے، 1962ء سے فوجی حکومت قائم چلی آ رہی ہے۔ جس وقت سُوچی اپنے حامیوں سے مخاطب تھیں، پارٹی ہیڈکوارٹر کے سامنے واقع ایک عمارت میں فوجی نظر آ رہے تھے اور سکیورٹی ایجنٹ ہجوم کی تصاویر اُتار رہے تھے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سُوچی کل پیر کو ایک بار پھر پارٹی ہیڈکوارٹر جانے اور پارٹی معاملات پر کام کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
سُوچی کی رہائی کا پوری دُنیا میں خیر مقدم کیاگیا ہے تاہم ساتھ ہی بدستور جیلوں میں پڑے ہوئے دو ہزار سے زیادہ سیاسی قیدیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ابھی اور بھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ سُوچی کے ایک حامی نے کہا، ’’آج ہم بہت خوش ہیں لیکن ہم اور بھی زیادہ خوش ہوتے اگر سُوچی کے ساتھ ساتھ باقی دو ہزار سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کر دیا گیا ہوتا۔‘‘
یہی مطالبہ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بھی کیا ہے، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ سُوچی کی رہائی ایک پہلا قدم ہے۔ ابھی اور متعدد سیاسی قیدی ہیں، جنہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہئے۔‘‘
تجزیہ کاروں کے خیال میں سُوچی کو رہا کرنے کا مقصد یہ نہیں معلوم ہوتا کہ فوجی حکومت اُن کے یا اُن کی جماعت کے ساتھ کسی طرح کی کوئی سیاسی مکالمت شروع کرنا چاہتی ہے بلکہ وہ اِس لئے رہا کر دی گئی ہیں کہ فوجی قیادت اب مزید اُنہیں اپنے لئے اتنا بڑا خطرہ نہیں سمجھتی۔ سُوچی کے وکیل جیریڈ گینسر نے کل سی این این سے باتیں کرتے ہوئے خبردار کیا کہ فوجی حکومت کسی بھی وقت سُوچی کو پھر سے نظر بند یا گرفتار کر سکتی ہے۔ ’’یہاں ایک بے رحم فوجی آمریت قائم ہے، جو کسی بھی وقت یہ فیصلہ کر سکتی ہے کہ سُوچی اب ہماری سوچی ہوئی حد سے گزر گئی ہیں اور تب وہ اُسے دوبارہ گرفتار یا نظر بند کر سکتے ہیں۔‘‘
اگرچہ توقع کی جا رہی ہے کہ چین اور بہت سے دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ملک سات نومبر کے انتخابات کے نتائج کو آگے کی طرف ایک قدم قرار دیتے ہوئے قبول کر لیں گے تاہم لگتا ہے کہ مغربی دُنیا، جو اِن انتخابات کو پہلے ہی نمائشی نوعیت کا قرار دے چکی ہے، نئی حکومت کو آسانی سے قبول نہیں کرے گی۔
رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف