دل کی رانی گلے کا پھندا، برلسکونی پھر بچ گئے
6 اپریل 2011کروڑوں پتی اطالوی لیڈر برلسکونی کے بزنس مفادات کے خلاف لگے الزامات کے بارے میں تفتیش کا سلسلہ یوں تو کئی سالوں سے جاری تھا تاہم رنگینیوں سے بھرپور اُن کی ذاتی زندگی اور سرگرمیاں پہلی بار عدالتی کمرے میں کُھل کر زیر بحث آ نے کی امید کی جاری رہی تھی۔ آغاز میں ہی اسے 31 مئی تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
میلان کی عدالت میں بُدھ کے روز سے شروع ہونے والی عدالتی کاروائی کے بارے میں پہلے ہی سے یہی تاثر پایا جاتا ہے کہ غالباً ججوں کی طرف سے سرکاری عدالتی کارروائی کے آغاز کو آئندہ ماہ یعنی مئی تک کے لئے ملتوی کر دیا جائے گا۔ اس بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک بیان دیتے ہوئے برلسکونی کے وکلائے صفائی میں سے ایک نے بتایا کہ اطالوی وزیراعظم مقدمے کی ابتدائی سماعت میں خود موجود نہیں ہوں گے اور یہ کہ مقدمے کی باقاعدہ کارروائی ممکنہ طور پر آج سے شروع ہونے کے بجائے مئی یا جون کے ماہ تک ملتوی کر دی جائے گی۔
گزشتہ شب اطالوی پارلیمان میں برلسکونی کی پارٹی کے اراکین نے اُس قرار داد کو منظور کیا جس میں میلان کی عدالت کو دیے گئے اس اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے کہ وہ اطالوی وزیر اعظم کے خلاف مقدمے کی کارروائی کرے۔ قرارداد کے تحت وزراء کے خلاف مقدمات کی سماعت خصوصی عدالت میں ہونی چاہئے۔ دریں اثناء اٹلی کی اپوزیشن نے اس قرارداد کو شرمناک اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اس قرار داد کے ذریعے برلسکونی کیسز پرغوروخوض کے لیے آئینی عدالت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
74 سالہ برلسکونی دو مرتبہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد طلاق شدہ ہیں۔ انہوں نے 18 سالہ مراکشی پول ڈانسر کریما المحروق کے ساتھ اپنے معاشقے کو بھی راز میں نہ رکھا تاہم گزشتہ برس جب روبی کے نام سے شہرت حاصل کرنے والی ڈانسر جس کی عمر محض 17 سال تھی تب اُس کے ساتھ جنسی تعلق رکھنے کے بارے میں سامنے آنے ولی خبروں کی تردید کرتے رہے ہیں۔
برلسکونی ’ دل رُبا‘ کریما المحروق کے ساتھ اپنے تعلقات کی نوعیت واضح کرتے ہوئے یہ کہہ چُکے ہیں کہ انہوں نے کریما المحروق کو چوری کے الزام میں پولیس کی طرف سے گرفتار کیے جانے کے بعد پولیس کی تحویل سے نکلوانے کی کوشش اس لیے کی تھی کہ وہ اٹلی اور مصر کے سفارتی تعلقات میں کسی قسم کا بگاڑ پیدا نہیں ہونے دینا چاہتے تھے۔ برلسکونی کے مطابق اُن کے خیال میں کریما المحروق سابق مصری صدر حُسنی مبارک کی کزن تھی۔
18 سالہ کریما المحروق پہلے ہی برلسکونی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزامات کو رد کر چُکی ہے۔ آج ، بُدھ کو میلان کی عدالت میں مجوزہ طور پر ہونے والی مقدمے کی سماعت میں کریما المحروق کی شرکت کے بارے میں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ وہ اس میں شامل نہیں ہو گی۔
اطالوی وزیر اعظم پر لگے نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزامات ثابت ہو جانے کی صورت میں انہیں تین سال کی قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے جبکہ طاقت کے ناجائز استعمال کی سزا 12 سال قید تک ہو سکتی ہے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: افسر اعوان