خواتین میں دماغی عارضے سی ٹی ای کی پہلی مرتبہ تشخیص
16 جولائی 2023
آسٹریلوی محققین نے دماغی انحطاط کی وجہ بننے والی بیماری جسے "Chronic traumatic encephalopathy"، یا سی ٹی ای، کہا جاتا ہے، کی پہلی بار ایک پرفیشنل خاتون کھلاڑی میں تشخیص کی ہے۔
آسٹریلین اسپورٹس برین بینک کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ انکشاف سڈنی میں سابق آسٹریلوی رولز فٹ بال کی کھلاڑی ہیتھر اینڈرسن کی 28 برس کی عمر میں موت کے آٹھ ماہ بعد ہوا۔
اینڈرسن کے خاندان نے بعد از مرگ ان کا جسم میڈیکل سائنس کو عطیہ کیا تھا اور وہ بھی اس امید پر کہ اینڈرسن کی موت سے قبل ان کی صحت کے بارے میں پتہ لگایا جا سکے گا۔ ان کی موت کی وجہ جاننے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی تھی۔
سی ٹی ای ہے کیا؟
سی ٹی ای ایک ایسی بیماری ہے جس میں دماغ کے نیورون زوال پذیر ہوتے ہیں اور اس کی سب سے عام وجہ سر پر بار بار لگنے والی ٹکر یا دماغی چوٹ کو سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ برس باہمی اشتراک سے کی جانے والی ایک بڑی تحقیق کے مطابق اس مفروضے کے "حتمی ثبوت" سامنے آ گئے ہیں۔
"Encephalopathy" دو قدیمی یونانی الفاظ کا مرکب ہے جس کے معنیٰ "دماغی نقصان" ہے۔ ٹرامیٹک کا مطلب ایسی صورتحال ہے جو چوٹ لگنے کے سبب پیدا ہوئی ہو، اور کرونک کا مطلب ہے کہ یہ صورتحال طویل عرصے تک قائم رہتی ہے۔
اس کے اثرات کی نوعیت نسبتاﹰ کم بھی ہو سکتی ہے یا شدید نقاہت یا کمزوری تک محسوس کی جا سکتی ہے۔ عام طور پر باکسنگ، امریکن فٹبال، رگبی یا آسٹریلین رولز فٹبال کے پیشہ ور کھلاڑیوں میں اس کے اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔اس کے اثرات ان سابق فوجیوں میں بھی نظر آئے جنہیں متعدد بار دھماکوں کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
اس کی حتمی تشخیص کسی زندہ انسان میں کرنا ناممکن ہے۔ اس کی شناخت پوسٹ مارٹم کے دوران انسانی سے حاصل ہونے والے نمونوں کی مائیکرو اسکوپک جانچ پڑتال کے بعد ہی کی جاسکتی ہے۔
اس کی قابل بھروسہ تشخیص انسان کی زندگی میں تو ممکن نہیں لیکن اس کی علامات زندہ انسان میں دیکھی جاسکتی ہیں، جن میں سیکھنے سمجھنے کی صلاحیت میں کمی، قلیل المدتی یادداشت سے جڑے مسائل، موڈ اور غصے کو قابو میں رکھنے کا مسئلہ، ڈپریشن، کپکپاہٹ، بولنے میں مشکل، منظم حرکات کی ہم آہنگی کا ختم ہوجانا اور غصے کی شدت میں اضافہ بھی شامل ہے۔ صرف فٹ بال کے امریکی کھلاڑیوں میں ہی ایسے تین سو کیسوں کی شناخت کی گئی ہے۔
اینڈریسن اس بیماری سے متاثرہ پہلی خاتون کھلاڑی، مگر کیوں؟
بعض سائنسدانوں نے سی ٹی ای سے خواتین کھلاڑیوں کے متاثر ہونے کے امکان پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا کیونکہ اب تک اس کا صرف مرد کھلاڑیوں میں انکشاف ہوا تھا۔
البتہ بعض جائزوں کے مطابق مردوں کے مقابلے میں خواتین کو دماغی چوٹ لگنے کا خطرہ نہ صرف زیادہ ہوتا ہے بلکہ صحتیابی میں بھی ان کو زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔
سی ٹی ای کے مقابلے میں دماغی چوٹ یا "concussion" کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے کیونکہ سی ٹی ای کی تشخیص صرف پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ممکن ہوتی ہے۔ اور زیادہ تر کیسوں میں ایسے مرد کھلاڑیوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جو ان کھیلوں سے وابستہ ہیں جن میں جسمانی رابطہ ناگزیر ہوتا ہے۔
آسٹریلین اسپورٹس برین بینک کے ڈائریکٹر مائیکل بک لینڈ کا کہنا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق اینڈرسن پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کے علاوہ ان چند خواتین میں سے ایک ہیں جن کی موت کے بعد اس مرض کا پتہ لگانے کے لیے ٹیسٹ کیے گئے۔
بک لینڈ کا مزید کہنا تھا، ''اینڈرسن کے کورٹیکس یعنی مغز کے معائنے میں مجھے کئی سی ٹی ای کے زخموں کے نشانات کے علاوہ ہر جگہ غیر معمولی تبدیلیاں نظر آئیں۔ میں نے مردوں میں ایسے درجنوں کیس دیکھے ہیں جو اس سے مختلف نہیں۔‘‘
ایندرسن کا انتقال آٹھ ماہ قبل 28 سال کی عمر میں ہوا۔ وہ آسڑیلوی رولز فٹبال کی چوٹی کی کھلاڑی سمجھی جاتی تھیں۔ لیکن ان کا کیرئیر زخمی ہونے کے باعث تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔