1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دمشق کے بعد حَلب میدان کارزار

22 جولائی 2012

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق شام میں بشار الاسد حکومت کے خلاف تقریباً سترہ ماہ سے جاری تحریک اب پوری طرح خانہ جنگی میں تبدیل ہو چکی ہے۔ اس لڑائی کی لپیٹ میں اب بڑے شہر آنے لگے ہیں۔

تصویر: Reuters

شامی دارالحکومت دمشق میں حکومت کے ساتھ جھڑپوں کے بعد اب سب سے بڑا شہر حَلب بھی باغیوں اور سرکاری فوج کی جھڑپوں کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ حَلب میں افراتفری اور شدید کشیدگی ہے۔ شام کے سب سے گنجان آباد شہر میں سنگین جھڑپوں کی وجہ سے نقل مکانی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کو شہروں تک پہنچنا اور سرحدی مقامات پر باغیوں کے قبضے سے حکومتی کنٹرول میں کمی کا عندیہ ملتا ہے۔ ماہرین کے بقول حَلب میں مسلح کارروائی سے باغیوں نے اسد حکومت کے لیے مزید پریشانی پیدا کر دی ہے۔

حَلب شہر کے ویران راستےتصویر: dapd

اطلاعات کے مطابق شہر میں سرکاری دستوں اور فری سیریئن آرمی کے مابین گھمسان کی جنگ کے باعث اب تک ہزاروں افراد شہر چھوڑ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مہاجرت کا عمل اس وقت شروع ہوا جب فوج نے شہر میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر بمباری کرنے کا اعلان کیا۔ حَلب شام کا اہم کاروباری شہر ہے اور تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے بڑی تعداد میں نقل مکانی بھی یہیں سے ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق جمعرات اور جمعے کے دوران تقریباً تیس ہزار شامی باشندے لبنان ہجرت کر گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دارالحکومت دمشق میں بھی شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔

حَلب میں حکومت مخالف کمیٹیوں کے ایک سرگرم کارکن محمد سعید نے اسکائپ کے ذریعے امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ بالاخر حکومت مخالف مسلح تحریک اب حَلب پہنچ گئی ہے۔ سترہ ماہ کے دوران یہ شہر واضح طور پر اسد حکومت کا حامی دکھائی دیتا تھا اور شہر کے حالات بظاہر گہری کشیدگی سے عبارت نہیں تھے۔ اس شہر میں حکومت مخالف مظاہرے ضرور سامنے آ چکے ہیں مگر ان میں مسلح پہلو نہیں تھا۔ سعید کے مطابق کچھ درجن فری سیریئن آرمی کے مسلح باغیوں نے ملک کے کاروباری مرکز میں داخل ہو کر سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں کا آغاز کر دیا ہے۔ شہر کے مرکز اور نواحی علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

شہر میں کشیدگی اور افراتفری کی فضا قائم ہےتصویر: dapd

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ دمشق میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جھڑپوں سے حکومت واضح طور پر دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور دکھائی دے رہی تھی اور اب حَلب میں مسلح ایکشن سے حکومت کو مالی اور سماجی اعتبار سے پریشانی کا سامنا ہے اور بڑے شہروں میں باغیوں کی کارروائیاں کامیاب حکمت عملی کا پیش خیمہ بھی بن سکتی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ دمشق میں جھڑپوں کے دوران ایک خود کش حملے میں حکومت کی چار انتہائی اہم شخصیات بھی ہلاک ہوئی تھیں۔ اس مناسبت سے اگلے ایام انتہائی اہم خیال کیے جا رہے ہیں کہ اسد حکومت کس طرح اہم شخصیات کی ہلاکتوں کے نقصان سے ابھرتی ہے۔

دمشق کے بعد حَلب شہر میں لڑائی پر اسد حکومت کو پوری طرح فوکس کرنا پڑ رہا ہے تو اس دوران باغیوں نے تیسرے سرحدی مقام پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عراق اور شام کی سرحد پر واقع سرحدی قصبے پر عملاً کنٹرول حاصل کرنے کے حوالے سے عراق کے صوبے نینوا کے گورنر اثیل الجائفی نے بھی بتایا ہے۔ یہ مقام عراقی قصبے ربیعہ کے سامنے ہے۔ اس سے قبل باغیوں نے جمعرات کے روز عراقی قصبے قائم کے سامنے واقع سرحدی مقام پر قبضے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ترکی کے ساتھ شام کی ملحقہ سرحد کے ایک سرحدی علاقے پر بھی باغیوں نے قابض ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ah/ai (AP, Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں